November 18, 2024
پلوامہ// پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے جنوبی کشمیر میں مشترکہ آپریشن کے دوران ایک ملی ٹینٹ کو گرفتار کیا ہے اور شوپیاں میں ایک خفیہ ٹھکانے کا پردہ فاش کیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ اونتی پورہ پولیس نے ترال میں ایک ملی ٹینٹ معاون کو گرفتار کر لیا۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ اونتی پورہ پولیس نے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران ترال سے ایک ملی ٹینٹ معاون کو گرفتار کیا۔ گرفتار کیے گئے فرد کی شناخت ارشاد احمد کے طور پر ہوئی ہے اور اس کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود کی بھاری مقدار بھی برآمد کی گئی ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس کے رابطوں اور منصوبوں کی تفصیلات سامنے آسکیں۔
اسی دوران شوپیاں کے کِلر علاقے میں فورسز نے پیر کے روز جنگل میں ملی ٹینٹوں کے ایک ٹھکانے کا پردہ فاش کیا۔
پولیس نے بتایا کہ 44 آر آر، 2 راجپوت، 34 آر آر، 14 بٹالین سی آر پی ایف، اور شوپیاں پولیس پر مشتمل مشترکہ ٹیم نے بوجبرود پہلی پورہ کے جنگل میں سرچ آپریشن کے دوران اس ٹھکانے انکشاف کیا، جہاں سے کھانا پکانے کے برتن اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء برآمد ہوئیں۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔