حائیڈرا کو قانونی اختیارات۔ اکتوبر سے نئے راشن کارڈس کی اجرائی، کابینہ کے فیصلے

13 hours ago 10

حیدرآباد: چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی صدارت میں جمعہ کے روز ریاستی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ریاست کی تین یونیورسٹیوں کے نام تبدیل کرنے کی منظوری دی ہے۔

ریاستی سکریٹریٹ میں منعقدہ کابینہ اجلاس میں لئے گئے فیصلہ کے مطابق کوٹھی ویمن یونیورسٹی کا نام بدل کر چاکلی آئلامّاں کے نام سے منسوب کیا جایگا جن کا شمار ایک انقلابی رہنما کے طور پر کیا جاتا ہے جنہوں نے نظام حکومت کے خلاف تحریک چلائی تھی۔

اسی طرح پوٹی سری راملو تلگو یونیورسٹی کو اب ایک مشہور سماجی مصلح اور آزادی کے جنگجو سوراورم پرتاپ ریڈی کا نام دیا گیا ہے۔ کابینہ کے فیصلہ کے مطابق ٹیکسٹائل اینڈ ہینڈلوم یونیورسٹی کا نام کونڈا لکشمن باپو جی کے نام پر رکھا جائے گا، جو ریاست کے لئے تلنگانہ کی جدوجہد میں ایک اہم شخصیت تھے۔

کابینہ کا مقصد ان عظیم قائدین کی وراثت اور تلنگانہ کی ثقافتی اور سیاسی تاریخ میں ان کے تعاون کا احترام کرنا ہے۔اس دوران ریاستی کابینہ نے قانونی اختیارات عطا کرتے ہوئے آوٹر رنگ روڈ (او آر آر) کے اندر جھیلوں‘ ذخائر آب اور نالوں کے تحفظ کے لئے حیدرآباد ڈیزاسٹر ریسپانس اینڈ اسیٹس پروٹیکشن ایجنسی (حائیڈرا) کو آزادنہ طور پر کام کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

ریاستی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ پونگولیٹی سرینواس ریڈی نے کہا کہ قواعد میں ترمیم کرتے ہوئے حائیڈرا کو آزادانہ کام کرنے کی چھوٹ دے دی گئی اور تمام حقوق جو بلدیات‘ میونسپل کارپوریشنوں اور دیگر محکموں پر لاگو ہوتے تھے‘ کو حائیڈرا کو فراہم کئے گئے ہیں‘ وزیر پی سرینواس ریڈی نے جمعہ کے روز کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں کو اجلاس میں لئے گئے فیصلوں سے واقف کراتے ہوئے یہ بات کہی۔

انہوں نے کہا کہ حائیڈرا کے دائرہ حدود میں 27 شہری بلدیات اور 51 گرام پنچایتوں کو شامل کیا گیا ہے۔ جنہیں او آر آر تک مختلف بلدی اداروں میں ضم کردیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیگر مختلف محکموں کو حاصل کام کرنے آزادی اب حائیڈرا پر بھی لاگو ہوگی۔

اس سلسلہ میں حکومت نے رولس اور ریگولیشن میں ترمیم کی ہے تاہم وزیر پی سرینواس ریڈی نے یہ نہیں انکشاف کیا کہ کس بنیاد پر کابینہ نے قانونی اختیارات عطا کئے ہیں اور اس ایجنسی کو آزادانہ کام کرنے کا اختیار کس بنیاد پر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حائیڈرا کو درکار عملہ فراہم کیا جائے گا۔ مختلف محکموں سے 169 عہدیدار اور 946 آؤٹ سورسنگ ملازمین حائیڈرا میں تعینات کئے جائیں گے یہ تمام ملازمین حائیڈرا کے تحت کام کریں گے۔

کابینہ کے اجلاس میں سری سیلم لیفٹ بینک کنال کے ٹنلنگ کاموں کے لئے 4637 کروڑ روپے کے نظرثانی تخمینہ مصارف کو بھی منظوری دے دی گئی۔ اس کے علاج وہ اس خریف سیزن کے دوران دھان کی معیاری اقسام کی خریدی پر 500 روپے بونس دینے کا بھی اعلان کیا۔

تقریباً 3 گھنٹوں تک جاری اجلاس میں ریاستی کابینہ نے ریجنل رنگ روڈ (آر آر آر) کے جنوبی حصہ کو حتمی منظوری دینے کے لئے عہدیداروں کی 12 رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماہ اکتوبر سے نئے راشن کارڈز جاری کئے جائیں گے اور ماہ جنوری سے تمام راشن کارڈ گرندوں کو معیاری نفیس چاول سربراہ کئے جائیں گے۔ ریاستی کابینہ نے منوہر آباد میں 72 ایکڑ اراضی پر لاجسٹک پارک کے قیام‘ 8 میڈیکل کالجوں میں 3 ہزار تدریسی اور غیر تدریسی جائیدادوں کی منظوری بھی دی ہے۔

*** Disclaimer: This Article is auto-aggregated by a Rss Api Program and has not been created or edited by Nandigram Times

(Note: This is an unedited and auto-generated story from Syndicated News Rss Api. News.nandigramtimes.com Staff may not have modified or edited the content body.

Please visit the Source Website that deserves the credit and responsibility for creating this content.)

Watch Live | Source Article