سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ سے متعلق کمیٹی تمام طبقات کے ساتھ انصاف یقینی بنائے گی: عمر عبداللہ

6 days ago 2

سرینگر// جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کے روز کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ سے متعلق معاملے پر تمام فریقین سے مشاورت کے لیے ایک کابینہ سب کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو اس مسئلے پر جامع جائزہ لے گی تاکہ سب کے ساتھ انصاف ہو اور کسی کے حقوق سلب نہ ہوں۔
ایک تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ اس سب کمیٹی میں تین وزراء شامل ہوں گے اور کمیٹی کی رپورٹ پیش ہونے کے بعد اس معاملے پر فیصلہ لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا، “ریزرویشن پر بہت باتیں ہو رہی ہیں۔ ہمارے نوجوان، خاص طور پر کھلی کیٹیگری سے تعلق رکھنے والے، سمجھتے ہیں کہ انہیں ان کے حقوق نہیں مل رہے، لیکن ایسے افراد بھی ہیں جو ریزرویشن زمرے میں آتے ہیں اور وہ اپنے حقوق میں کمی نہیں چاہتے۔ اسی لیے کابینہ نے تین وزراء پر مشتمل ایک سب کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس مسئلے کا مکمل جائزہ لیا جا سکے”۔
جموں و کشمیر اسمبلی میں حال ہی میں منظور ہونے والی خصوصی حیثیت کی قرارداد کے بارے میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ قرارداد کہیں مسترد نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا، “قرارداد منظور ہوئی اور کسی نے اس کو مسترد نہیں کیا۔ اس نے ایک دروازہ کھول دیا ہے۔ آگے کیا ہوتا ہے، ہم دیکھیں گے”۔
کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے کے اس قرارداد پر ریمارکس پر عمر عبداللہ نے کہا کہ کانگریس حکومت کا حصہ نہیں ہے بلکہ باہر سے حمایت دے رہی ہے۔
قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے نیشنل کانفرنس کے انتخابی منشور کے وعدے پر بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قیدیوں کی رہائی کے لیے ریاستی حیثیت کی بحالی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا، “فی الحال سیکیورٹی، پولیسنگ اور قانون و انتظام مرکزی حکومت کے تحت ہیں اور ان کو لیفٹیننٹ گورنر دیکھتے ہیں”۔
وادی کشمیر میں بجلی کی قلت پر بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے دہلی میں مرکزی وزیر بجلی سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر کے لیے اضافی کوٹہ منظور ہوا ہے۔
انہوں نے کہا، “لیکن سردیوں میں ہمیں کچھ حد تک بجلی کی کٹوتی کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ میں نے محکمے سے کہا ہے کہ جہاں بجلی چوری کم ہے اور بل ادا کیے جا رہے ہیں، وہاں کٹوتی کم کریں”۔
اس سے قبل عمر عبداللہ نے جدید ہائی ٹیک نرسری کی توسیعی منصوبے اور باغ گلے داؤد (کرسینتھمم تھیم گارڈن) کا سنگ بنیاد ورچوئل موڈ کے ذریعے رکھا۔

*** Disclaimer: This Article is auto-aggregated by a Rss Api Program and has not been created or edited by Nandigram Times

(Note: This is an unedited and auto-generated story from Syndicated News Rss Api. News.nandigramtimes.com Staff may not have modified or edited the content body.

Please visit the Source Website that deserves the credit and responsibility for creating this content.)

Watch Live | Source Article