عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سرینگر شہر اور کشمیر کے دیگر مقامات نے گذشتہ شب موسم کی اب تک کی سرد ترین رات کا تجربہ کیا کیونکہ وادی کے زیادہ تر حصوں میں رات کا درجہ حرارت صفر سے نیچے چلا گیا۔ حکام نے جمعرات کو بتایاکہ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات کے منفی 0.6 ڈگری سیلسیس سے 1.5 ڈگری کم ہے۔موسم کے اس وقت کے لیے رات کا درجہ حرارت معمول سے 1.7 ڈگری سیلسیس کم تھا۔قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو سیزن کا اب تک کا سب سے کم درجہ حرارت تھا۔پہلگام میں کم از کم، منفی 5 ڈگری سیلسیس پر طے ہوا جو وادی کا سب سے سرد مقام رہا۔یہ اس موسم کی سرد ترین رات بھی تھی۔ گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا، جب کہ کپواڑہ میں منفی 2.3 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔حکام نے بتایا کہ کوکرناگ وادی کا واحد موسمی مرکز تھا جہاں کم از کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر 0.2 ڈگری سیلسیس پر طے ہوا۔شوپیان میں درجہ حرارت منفی 5.5 درج ہوا جو وادی کے سبھی مقامات کے مقابلے میں سب سے سرد جگہ رہی۔بانڈی پورہ میں منفی 3.3، بارہمولہ میں منفی 1.8، کولگام میں منفی 4.0، اننت ناگ میں منفی 5.1،پلوامہ میں منفی 4.8اور کپوارہ میں منفی 3.0ریکارڈ کیا گیا۔لیہہ میں منفی 8.8،کرگل میں منفی 8.3اور دراس میں سب سے زیادہ منفی 12.2ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ کی شام تک موسم عام طور پر خشک رہے گا، جس کے بعد 2 دسمبر تک بالائی علاقوں میں کچھ مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری کا امکان ہے۔2 دسمبر سے، بالائی علاقوں میں دو دن کے دوران بکھرے ہوئے مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری کے امکانات ہیں۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ 4 سے 6 دسمبر تک موسم عام طور پر خشک رہے گا، جس کے بعد 7 دسمبر سے دو دن کے دوران اونچائی والے علاقوں میں الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش یا ہلکی برفباری متوقع ہے۔