سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم سے ملاقات میں دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی

14 hours ago 2

ریاض: سعودی عرب ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی۔ رپورٹ کے مطابق وزیراعظم پاکستان نے ون واٹر سمٹ کے موقع پر سعودی ولی عہد سے ملاقات کی۔

شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات کے دوران علاقائی سیکیورٹی سمیت غزہ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ سعودی ولی عہد نے شہباز شریف سے 6 ماہ میں پانچویں ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان محبت اور باہمی احترام کو اجاگر کیا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا اور سرمایہ کاری کے معاہدوں پر عملدرآمد کی رفتار پر اطمینان ظاہر کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم نے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی جسے ولی عہد نے قبول کیا۔

سرکاری خبر رساں ادارے پی ٹی وی نیوز کے مطابق وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد سے خوشگوار ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں کا اس بات پر اتفاق ہوا کہ پاکستان اور سعودیہ کے لیے اپنے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینا انتہائی ضروری ہے۔

رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کا فروغ پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے سعودی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر عملدرآمد کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ولی عہد نے وزیر اعظم کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے جلد دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف آج ہی ’ون واٹر سمٹ‘ میں شرکت کے لیے 2 روزہ دورے پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچے تھے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔

 دونوں ممالک ثقافت، معیشت، تجارت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون رکھتے ہیں، وزیر اعظم یہ دورہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر کر رہے ہیں، ان کا رواں برس کے دوران برادر اسلامی ملک کا 5واں دورہ ہے۔

ولی عہد سے ملاقات کرنے سے قبل شہباز شریف نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سے بھی ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور فرانس کے مثبت سمت میں گامزن تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر وزیر اعظم نے دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

*** Disclaimer: This Article is auto-aggregated by a Rss Api Program and has not been created or edited by Nandigram Times

(Note: This is an unedited and auto-generated story from Syndicated News Rss Api. News.nandigramtimes.com Staff may not have modified or edited the content body.

Please visit the Source Website that deserves the credit and responsibility for creating this content.)

Watch Live | Source Article