November 18, 2024
غلام نبی رینہ+عازم جان
کنگن+بانڈی پورہ // سونہ مرگ، گلمرگ اور پہلگام میں پارہ منفی 5.3 تک گر گیا ہے۔سونمرگ میں منفی5.3 ڈگری ، گلمرگ میں منفی اور پہلگام میںدرجہ حرارت منفی 2.0 ڈگری تک گرگیا ہے۔یہ موجودہ سیزن کا سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔وادی کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری کے بعد سردی بڑھ گئی ہے۔سونمرگ، گلمرگ، اور پہلگام کے سیاحتی مقامات کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر کے دیگر بلند مقامات پر برف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں ہفتہ کو بارش ہوئی جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی۔تاہم وادی کشمیر کے دیگر موسمی مراکز میں رات کا درجہ حرارت معمول سے 0 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔تازہ برفباری نے سیاحتی مقامات پر ٹھہرے ہوئے سیاحوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑادی۔گزشتہ روز وادی کشمیر کے تمام موسمی مراکز میں دن کے درجہ حرارت میں بھی 2-9 ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی واقع ہوئی۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ اتوار کو موسم بہتر ہوا، اور سورج سری نگر اور وادی کشمیر کے دیگر حصوں میں نمودار ہوا اور 23 نومبر تک خشک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 24 نومبر کو بارش ہونے کا امکان ہے جس میں اونچائی پر اور کشمیر کے بکھرے ہوئے مقامات اور جموں ڈویژن کے الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے۔اس کے بعد 30 نومبر تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ادھرہفتہ کو ہوئی تازہ برفباری کے باعث زوجیلا سڑک پر پھسلن پیدا ہونے کے نتیجے میں100 کے قریب چھوٹی بڑی گاڑیاں درماندہ ہوگئی تھیں جس کے بعد رات دیر گئے چھوٹی گاڑیوں میں درماندہ سیاحوں کو بحفاظت سونمرگ پہنچایا گیا ۔ سنیچر بعد دوپہر سے سونمرگ، ذوجیلا ،منی مرگ اور گمری میں تازہ برفباری ہوئی جس کے باعث کپٹن موڈ ،مندر موڈ اور انڈیا گیٹ کے مقامات پر سیاحوں اور مال بردار گاڑیاں درماندہ ہوگئیں۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او سونمرگ مدثر نذیر، ٹریفک پولیس اور بیکن کے اہلکار درماندہ گاڑیوں میں سیاحوں کو سونمرگ پہنچانے میں کامیاب ہوئے تاہم شدید برفباری اور سڑک پر پھسلن ہونے کے نتیجے میں ڈرائیوروں نے گاڑیاں وہی چھوڑ دیں۔ سونمرگ میں تعینات ڈی ٹی آئی سید جعفر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ زیرو پوائنٹ زوجیلا سے سیاحوں کو لیکر گاڑیاں واپس سونمرگ کی طرف آرہی تھیں کہ اس دوران زوجیلا پر ایک فوجی کانوائی کی گاڑی خراب ہوگئی، جس کی وجہ سے سونمرگ سے لداخ کی طرف جارہی مال بردار گاڑیاں اور زیرو پوائنٹ زوجیلا سے سونمرگ کی طرف واپس آرہی چھوٹی گاڑیوں کی آمدورفت بند ہوگئی۔ اس دوران تیز برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا اور سڑک پر ٹریفک جام اور پھسلن پیدا ہونے کے نتیجے میں دونوں طرف کی گاڑیاں مندر موڈ،کپٹن موڈ ،اور انڈیا گیٹ پر درماندہ ہوگئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ٹاٹا سومو انڈیا گیٹ کے نزدیک پھسلن کی وجہ سے پلٹ گئی تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ گاڑی کو شدید نقصان ہوا ۔ڈی ٹی آئی نے کہا کہ زوجیلا پر درماندہ گاڑیوں کو نکال کر دونوں جانب روانہ کیا گیا جبکہ سونمرگ میں ایک سو کے قریب مال بردار گاڑیاں درماندہ ہیں اور اگر موسم سازگار رہا توپیر کو منی مرگ اور سونمرگ میں درماندہ گاڑیوں کو بھی روانہ کیا جائے گا ۔ادھربی آر او نے بانڈی پورہ گریز سڑک کو جوڑ دیا ہے۔ بی آر او حکام کی جانب سے یک طرفہ ٹریفک بحال کیا گیا ہے۔بانڈی پورہ سے گریز تک گاڑیوں/ٹریفک کو صرف اینٹی سکڈ چین کے ساتھ اجازت ہے۔قبل ازیں ہفتہ کو ضلع کپواڑہ کے مژھل سیکٹر میں تازہ برفباری ہوئی ۔ کپوارہ کرناہ روڑ ، جو سادھنا ٹاپ پر شدید برفباری کے باعث بند کیا گیا تھا، کو کھولا گیا ۔