بلال فرقانی
سرینگر// حالیہ مالیاتی سرکولر کے تحت تمام محکموں سے اپنے غیر مستقل مزدوروں، بشمول ڈے رِیٹیڈ ورکروں، سیزنل لیبرروں اور کنٹینجنٹ پیڈ ورکروں کی تفصیلات اور واجبات طلب کیے گئے تھے، تاہم محکمہ سیاحت کے عارضی ملازمین نے الزام عائد کیا ہے کہ سیاحتی محکمہ کشمیر نے ان تفصیلات کو ابھی تک مالیاتی محکمے اور دیگر اعلیٰ حکام کے سامنے پیش نہیں کیا۔عارضی ملازمین کے صدر قیصر احمد نے کہا’’ تنخواہوں کی واگزاری میں تاخیر اس وجہ سے ہو رہی ہے کہ جب تک محکمہ سیاحت کشمیر ان مزدوروں کی تفصیلات متعلقہ حکام کو فراہم نہیں کرے گا، تب تک ان کے مستقل ہونے یا اجرتوں کی ادائیگی کا عمل آگے نہیں بڑھ سکتا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں عارضی ملازمین کو نہ صرف اجرتوں کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا ہے بلکہ ان کی مستقل کرنے کے عمل میں بھی مزید رکاوٹیں آ رہی ہیں۔سیاحتی محکمہ کشمیر نے 344 غیر مستقل مزدوروں کی تفصیلات پہلے ہی مالیاتی محکمے کے این آئی سی پورٹل پر رجسٹر کرائی ہیں، لیکن ان تفصیلات کو متعلقہ حکام تک پہنچانے میں محکمہ کی جانب سے تذبذب اور تاخیر کی وجہ سے ان کیجول ملازمین کی اجرتوں کی ادائیگی اور مستقل کرنے کا عمل متاثر ہو رہا ہے۔کیجول ملازمین نے وزیراعلیٰ سے درخواست کی ہے کہ وہ اس معاملے میں ذاتی طور پر مداخلت کریں تاکہ ان کی اجرتوں کی فوری ادائیگی اور ان کے مستقل ہونے کے عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔