November 18, 2024
عارف بلوچ+اشرف چراغ
اننت ناگ+کپوارہ //منشیات مخالف مہم کے دوران اننت ناگ پولیس نے 1.5کرورڑروپے مالیت کی جائداد ضبط کی۔پولیس نے کہربل مٹن میں افروز احمد بٹ کا رہائشی مکان ضبط کیا جس کی مالیت تقریباً 80 لاکھ ہے۔ ایک اور کارروائی میں پولیس نے سری گفوارہ میں 3 دکانوں پر مشتمل شاپنگ کمپلیکس کو قرق کیا ہے۔ اسی طرح پولیس سٹیشن سری گفوارہ نے پیر آصف احمد شاہ اور پیر توصیف احمد شاہ ساکنان کلان سری گفوارہ کی ملکیت والی70 لاکھ روپے مالیت کی3 دکانیں ضبط کر لیں۔دونوں ملزمین سے این ڈی پی ایس کے کئی معاملات میں ملوث ہونے کی وجہ سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائیاں ضلع میں جاری انسداد منشیات مہم کے ایک حصے کے طور پر این ڈی پی ایس ایکٹ 1985 کی دفعات کے تحت کی گئی۔ادھر شمالی کشمیر کے زرہامہ علاقہ میں پولیس نے ایک ملزم کی جائیداد کو ضبط کیا جو گزشتہ 7برسوں سے پولیس کی گرفتاری سے بچنے کیلئے مفرور ہے ۔ترہگام پولیس کی ایک خصوصی ٹیم نے پیر کے روز زرہامہ علاقہ میں ایک ملزم غلام محمد خان کی جائیداد کو ضبط کیا کیونکہ مذکورہ ملزم پولیس کی گرفتاری سے بچنے کے لئے گزشتہ 7برسوں سے روپوش ہے ۔پولیس کے مطابق مذکورہ ملزم کے خلاف پولیس تھانہ کپوارہ میں ایک کیس ایف آئی آر نمبر 277/2017زیر دفعات 376،366،109درج ہے لیکن وہ پولیس کی گرفتاری سے بچنے کیلئے مفرور ہوگیا ۔پولیس کی جانب سے بار بار سمن کے باجود بھی ملزم عدالت میں پیش نہ ہوسکا ۔ڈسٹر کٹ اینڈ سیشن جج کپوارہ نے دفعہ 83کے تحت مفرور ملزم کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیا اور اس حکم پر عمل کرتے ہوئے پولیس تھانہ ترہگام کی ایک ٹیم نے ملزم کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کو ضبط کیا جس میں ایک رہائشی مکان شامل ہے۔