November 18, 2024
یو این آئی
نئی دہلی//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منی پور میں تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کے درمیان پیر کو یہاں اعلیٰ سطحی سیکورٹی حکام کے ساتھ میٹنگ میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور ریاستی اداروں سے کہا کہ وہ ریاست میں امن برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کریں۔مرکز میں سیکورٹی مشینری سے وابستہ ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ نے اتوار کے بعد پیر کو یہاں ایک طویل میٹنگ میں سینئر سیکورٹی حکام کے ساتھ صورتحال کا تفصیل سے جائزہ لیا۔ انہوں نے مرکزی پولیس فورسز اور ریاستی پولیس سے کہا کہ وہ ریاست میں امن و امان کو برقرار رکھیں اور امن کی بحالی کیلئے اقدامات کریں۔دریں اثنا، مرکزی حکومت منی پور میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے مرکزی پولیس فورسز کی تعیناتی میں بھی اضافہ کر رہی ہے اور مرکزی پولیس فورسز کی 50اضافی کمپنیاں وہاں بھیجی جا رہی ہیں۔ اس سے پہلے بھی مرکز نے وہاں 20کمپنیاں تعینات کی تھیں۔منی پور میں تشدد کے تازہ واقعات کی وجہ سے بڑھتے ہوئے تنا کے پیش نظر مسٹر شاہ نے اتوار کو مہاراشٹر میں انتخابی مہم کا پروگرام ادھورا چھوڑ دیا تھا اور نارتھ بلاک میں سینئر سیکورٹی حکام کے ساتھ ہنگامی میٹنگ میں منی پور کی صورتحال کا جائزہ لیا۔قابل ذکر ہے کہ منی پور میں تشدد کے تازہ واقعات کے بعد کئی اضلاع میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے اور کچھ دیگر علاقوں میں انٹرنیٹ خدمات بھی بند ہیں۔تشدد کے واقعات کے بعد مشتعل ہجوم نے کچھ ایم ایل اے اور وزرا کے گھروں میں توڑ پھوڑ اور آگ لگا دی جس کی وجہ سے ریاست کے کچھ حصوں میں کشیدگی کی صورتحال ہے۔