یواین آئی
ملاگا (اسپین)/اسپین کے عظیم ٹینس کھلاڑی رافیل نڈال کو ڈیوس کپ فائنل میں اپنے آخری میچ میں ہالینڈ کے خلاف کوارٹر فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے پروفیشنل ٹینس کو خیرباد کہہ دیا۔ منگل کو کھیلے گئے میچ میں 22 مرتبہ کے گرینڈ سلیم فاتح نڈال کو نیدرلینڈ کے بوٹک وین ڈی زنڈشلپ نے 6-4، 6-4 سے شکست دی۔اسپین کے خلاف کوارٹر فائنل میچ میں کی اس فتح کے ساتھ ہی نیدرلینڈز 1-0 سے آگے ہوگیا۔ میچ کے بعد نڈال نے کہا کہ میں وہ شخص ہوں جسے بہت سارے لوگوں کا شکر گزار ہونا چاہیے ۔ یہ کہنا مشکل ہے کہ کہاں سے آغاز کیا جائے ۔ انہوں نے مداحوں کی غیر معمولی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے خوش قسمتی کی بات ہے کہ مجھے اسپین اور پوری دنیا سے بے پناہ محبت ملی ہے ۔نڈال نے اپنے ٹینس کے سفر کو یاد کرتے ہوئے جذبات سے آنسو روکنے کی کوشش تو کی تاہم وہ اپنے جذبات قابو نہ کرسکے اور ہزاروں مداحوں کے سامنے آبدیدہ ہوگئے ۔ٹینس اسٹار نے ٹینس سفر کو الوداع کرتے ہوئے کہا کہ میں اس راستے میں بہت سارے دوستوں سے ملنے کے بعد ٹینس کی دنیا چھوڑ رہا ہوں، اس ذہنی سکون کے ساتھ جارہا ہوں کہ میں نے ایک کھیل اور ذاتی وراثت چھوڑی جس پر مجھے فخر ہوسکتا ہے ۔ اپنے حریفوں اور ساتھی کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے نڈال نے کہا کہ میں یہاں موجود اسپین کی ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ آپ سب نے مجھے اس ڈیوس کپ میں کھیلنے کا موقع دیا۔ یہ ہماری خواہش کے مطابق نہیں ہوا، میں نے اپنا بہترین دیا۔ اپنے کیریئر کے اتنے جذباتی لمحات کو یہاں موجود بہت سارے لوگوں کے ساتھ مشترک کرنا میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے ۔