November 18, 2024
۔16کلو میٹر تک پھیلی ہوئی سحر انگیز وادیاں
اعجاز میر
سرینگر //اکیلے پھول نہیں، دلکش یوسمرگ سے آگے کی دنیا ہزاروں کنال اراضی پر مشتمل چراگاہیں کچھ بہترین ندیوں کا ذریعہ اور ٹریکنگ اور مہمات کے سلسلے کا ایک اڈہ ہے۔وادی کشمیر میں وسیع العریض چرا گاہوں کا سب سے دوسرا بڑا سلسلہ’ برگاہ ‘ یوسمرگ ہے۔برگاہ بذات خود ایک وادی ہے۔ برگاہ ، پانی کے جھرنے، حد نظر تک گھاس کے میدان،سر سبزگھنے جنگلات ، ڈھلوان اور کئی بڑی ندیوں اور نالوں کے ذریعہ ہیں۔مخملی سر سبز میدان، جیسے جنت کا ٹکڑا زمین پر ٹھہر گیا ہے، سحرزدہ کردیتا ہے۔ایک طرف گھنے جنگلات کا وسیع سلسلہ، بیچ میں دودھ گنگا نالہ اور دوسری طرف ہزاروں کنال اراضی پر پھیلی’ برگاہ‘ کی وادی انسانی تصور سے زیادہ خوبصورت اور سحر انگیز ہے۔ہر شے جیسے ساز بجاتی ہے،پتوں کی سرسرا ہٹ،پرندوں کی طرح طرح کی آوازیں،ایسا لگتا ہے کہ زمین پر نہیں بلکہ کسی دوسری دنیا میں کہیں دلفریب ٹکڑے پر موجود ہیں ۔ ہر طرف جنت جیسے نظارے،ساز اور سنگیت میں ڈوبی ہر شے زندگی بھر کی تھکاوٹ کا مداوا ہو۔یوسمرگ سے آگے تقریباً 8کلو میٹر کا راستہ طے کرنے کے بعد برگاہ کی وادی شروع ہوتی ہے۔ اس وادی میں داندنیور لدرمڈ ،پتر کوری، پنز کوری،ہانز کھل اور درگاہ ٹولن(درگہ ڈولن) اور موکر پل کے علاوہ گچہ گول گلیشیر کے مقامات ہیں جو اپنی خوبصورتی سے سحر طاری کرتے ہیں۔ یہ سرسبز و شاداب گھاس کے میدان ہیں جہاں تک کوئی بھی یوسمرگ سے 3 سے 4 گھنٹے میں پہنچ سکتا ہے۔ برگاہ گھاس کا میدان پلوامہ کے چرواہوں کے ذریعہ آباد رہتا ہے اور یہاں سے کوئی بھی کچہ گول(Kacha-Goul) گلیشیر کی طرف پیدل سفر کر سکتا ہے جو کہ رومشی نالہ کا ماخذ ہے جو پلوامہ کے مختلف علاقوں سے گزرتا ہے۔برگاہ کشمیر کے غیر معروف لیکن شاندار سر سبز میدوانوںمیں سے ایک ہے۔ یہ علاقہ قریب ترین پیر پنجال پہاڑوں کی طرف لے جاتا ہے۔ یہ پوشیدہ خوبصورتی کے شاہکارمقامات سرسبز مناظر اور پر سکون ماحول کے ساتھ خطے کی بے ساختہ خوبصورتی کو دیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ ٹریک کشمیر کے گھاس کے میدانوں کی اچھوتی شان و شوکت کا تجربہ کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔یوسمرگ سے سفر شروع کرنے کے بعد گھنے جنگلات سے ہوتے ہوئے برگاہ اور اسے بعد ’ موکرپل‘ اور بعد میں’ کچہ گول‘گلیشئرتک پہنچا جاسکتا ہے۔سطح سمندر سے 4000فٹ بلندی پر واقع یہ علاقہ اپنی خوبصورتی اور سر سبز میدانوں کے لحاظ سے وادی کا دوسرا سب سے بڑا علاقہ ہے۔ہانز کھل چرا گاہ پہچنے کے بعد درگاہ ٹولن پائین اور درگاہ ٹولن بالا کے مقامات آتے ہیں جنکے بیچ میں سے نالہ بہتا ہے۔اسکے بعد برگاہ پائین اور برگاہ بالا کے علاقے ہیں جن کی کوئی حد ہی نظر نہیں آتی ہے۔یہاں پہنچنے کے بعد دو کلومیٹر کے فاصلے پر موکر پل کی پہاڑی آتی ہے جہاں پہنچ کر دائیں اور بائیں، سن سیٹ پیک،تا تا کوٹی ، سنگ سفید،داں ذب اورشیڈک کی پہاڑیاں اور گلیشیر نظر آتے ہیں۔تھوڑا آگے چل کر کچہ گول(Kacha-Goul) کا گلیشیر آتا ہے جہاں سے نالہ رومشی نکلتا ہے۔برگاہ کو دیکھنے کیلئے بہت کم لوگ جاتے ہیں۔اس علاقے کی خوبصورتی کی کوئی مثال نہیں ہے یکن افسوس یساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ محکمہ ٹورازم کے نقشے سے وادی کی دوسری سب سے بڑی چرا گاہ مکمل طور پر غائب ہے۔یہاں صرف مقامی چراوہے گرمیوں کے ایام میں آتے ہیں اسکے علاوہ کبھی کبھار کوئی مہم جوئی کرنے والا گروپ آتا ہے۔حالانکہ اس جگہ کی زیادہ تشہیر کرنے سے سیاحتی مقامات کا ایک نیا خزانہ سامنے آتا اور لوگ گلمرگ اور پہلگام کو بھول جاتے۔