یواین آئی
نئی دہلی // مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو یہاں سینئر عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ میں دہلی میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ دارالحکومت کی امن و امان کی صورتحال میں کسی قسم کی لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق ہوم سکریٹری گووند موہن، انٹیلی جنس بیورو کے ڈائریکٹر تپن ڈیکا، دہلی پولس کمشنر سنجے اروڑہ اور کئی سینئر افسران نے میٹنگ میں حصہ لیا۔ذرائع نے بتایا کہ شاہ نے کہا کہ حکومت کی جرائم کے خلاف ’زیرو ٹالرینس‘ کی پالیسی ہے، اس لیے دہلی کے لا اینڈ آرڈر کی صورتحال میں کسی بھی قسم کی کوتاہی قابل قبول نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ہر دہلی پولیس اہلکار کی ذاتی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ ہر دہلی والا مکمل طور پر محفوظ محسوس کرے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی پولیس کو یہ یقینی بنانا چاہئے کہ انہیں دیکھ کر دہلی والوں میں تحفظ کا احساس اور مجرموں میں خوف کا احساس پیدا ہو۔انہوں نے کہا کہ پولیس کو خصوصی ایکشن پلان تیار کرنا چاہئے اور شہری سلامتی سے متعلق اہم شعبوں میں مہم چلانی چاہئے اور بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کی حفاظت دہلی پولیس کی ترجیح ہونی چاہئے۔