رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ کے پرائمری ہیلتھ سینٹر سیری سے ایک ڈاکٹر کو کنڈی ہسپتال میں اٹیچ کئے جانے کے خلاف مقامی لوگ محکمہ صحت راجوری کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ سیری پرائمری ہیلتھ سینٹر میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی پہلے ہی متعددآسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں اوپر سے محکمہ صحت راجوری کی طرف سے وہاں پر تعینات ڈاکٹر غفور علی کو وہاں سے اٹھا کر کنڈی ہسپتال میں اٹیچ کر دیا گیا ہے جس کے خلاف مقامی لوگ سراپا احتجاج ہیں۔ سابق سرپنچ رمیش چوہدری اشوک کمار، نریندر سنگھ ونود کمار پاون شرما دیپک کمار وغیرہ کے مطابق سیری ہسپتال میں پہلے ہی ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی ہے جس کے باعث سرحدی علاقہ جات کے لوگوں کو کئی طرح کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور دوسرا محکمہ صحت راجوری کی طرف سے ہسپتال میں مستقل طور پر تعینات ڈاکٹر غفور علی کو بغیر کسی قاعدے کے کنڈی ہسپتال میں اٹیچ کر دیا گیا ہے۔لوگوں کے مطابق پرائمری ہیلتھ سینٹر سیری میں ہر وقت ڈاکٹر کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ مذکورہ سینٹر سرحد کے قریب قائم ہے وہاں پر محض ایک بی اے ایم ایس ڈاکٹر ہی کام کر رہی ہے ۔انہوں نے چیف میڈیکل آفیسر راجوری کو ایک ہفتے کا وقت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کنڈی ہسپتال میں اٹیچ کئے گئے ڈاکٹر کو واپس پرائمری ہیلتھ سینٹر سیری میں نا لایا گیا تو وہ اس کے خلاف سڑکوں پر آکر احتجاج کریں گئے ۔