یو این آئی
نئی دہلی//کیرالہ کی وایناڈ لوک سبھا سیٹ پر ضمنی انتخاب میں شاندار جیت حاصل کرنے والی کانگریس رہنما پرینکا گاندھی واڈرا نے لوک سبھا کی رکنیت لے لی ۔لوک سبھا کی کارروائی شروع ہوتے ہی اسپیکر اوم برلا نے ان کا نام پکارا اور انہیں لوک سبھا کی رکنیت کا حلف دلایا گیا۔پرینکاگاندھی نے وائناڈ سیٹ پر چار لاکھ سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی ہے ۔قبل ازیں پرینکاگاندھی اپنی والدہ اور کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کے ساتھ پارلیمنٹ ہائوس پہنچیں۔ بعد میں وہ راہل گاندھی کے ساتھ لوک سبھا گئیں جہاں انہیں ایوان کی رکنیت کا حلف دلایا گیا۔انہوں نے نے اس موقع پر کہا کہ ان کیلئے آئین سب سے مقدم ہے اور پارلیمنٹ میں عوام سے جڑے مسائل کو اٹھانا ان کی ترجیح ہوگی۔ پرینکا گاندھی نے لوک سبھا کی رکنیت کا حلف لینے کے بعد پارلیمنٹ ہاس کمپلیکس میں صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ وہ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے ساتھ مل کر لڑتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا’’ میری ترجیح عوام کے اہم مسائل کو اٹھانا اور ملک اور پارٹی کیلئے کام کرنا ہے۔ ہمارے لیے آئین سے بالاتر کوئی چیز نہیں ہے۔ ہم آئین کے اصولوں کے لیے لڑتے ہیں اور لڑتے رہیں گے‘‘۔