November 18, 2024
عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں زون آنند جین نے ڈی آئی جی آر پی رینج، ڈی آئی جی ٹریننگ (پی ایچ کیو) اور ایس ایس پی پونچھ شفقت حسین کے ہمراہ پونچھ کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد ضلع میں آپریشنل اور تربیتی تیاریوں کا جامع جائزہ لینا تھا۔اس موقع پر اے ڈی جی پی کو تربیتی پروگراموں کی صورتحال، آپریشنل تیاری، مجموعی سیکورٹی حالات اور خطے میں سیکورٹی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے خصوصی آپریشنز گروپ کے اہلکاروں سے بھی ملاقات کی اور ان کے ساتھ گفتگو کے دوران آلات، بنیادی ڈھانچے اور فلاح و بہبود سے متعلق مسائل پر توجہ دی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تمام یونٹس کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر لیس کیا جائے گا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنائیں اور کسی بھی محاذ پر خطرے کا مقابلہ کرنے کے لئے مربوط اور ہم آہنگ انداز میں کام کریں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مضبوط الیکٹرانک اور حالات کے شواہد اکٹھے کئے جائیں تاکہ مقدمات کے فیصلوں کو تیز کیا جا سکے، زیر التوا مقدمات میں کمی لائی جا سکے، اور مجرموں کو سزا دلانے کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔اس دورے کا مقصد ضلع پونچھ میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے پولیس فورس کو مزید مضبوط بنانا اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بڑھانا تھا۔