November 18, 2024
File Photo
جموں// جموں و کشمیر پولیس کرائم برانچ نے پیر کو ایک شخص کے خلاف چارج شیٹ داخل کی جسے ایک ریٹائرڈ جونیئر کمیشنڈ افسر (جے سی او) کو سرکاری نوکری دلانے کے بہانے دھوکہ دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کرائم جموں بینم توش نے بتایا کہ وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے رہائشی بشیر احمد ڈار، جو کہ انڈین ریزرو پولیس (آئی آر پی) سے قبل از وقت ریٹائر ہوئے تھے، کو گزشتہ سال کے آغاز میں سائبر کرائم انویسٹیگیشن سنٹر فار ایکسیلنس، جموں نے سابق جے سی او محمد زاہد، ضلع راجوری کے باشندے کی تحریری شکایت پر مقدمہ درج کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ شکایت کنندہ کا دعویٰ ہے کہ 30 جنوری 2023 کو اسے ایک فون کال موصول ہوئی جس میں کالر نے خود کو جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ کا افسر ظاہر کیا اور پیسوں کے بدلے اس کی بیٹی کے لیے نوکری دلانے کی پیشکش کی۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ ریٹائرڈ فوجی افسر اس دھوکہ دہی کا شکار ہوگئے اور کچھ رقم ملزم کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرائی، اس کے بعد انہوں نے ذاتی طور پر ملزم سے ملاقات کی جس نے خود کو بورڈ کا سیکریٹری ظاہر کیا، تاہم، انہوں نے کہا کہ ملزم نے نہ تو شکایت کنندہ کی بیٹی کے لیے کوئی سرکاری نوکری دلائی اور نہ ہی رقم واپس کی۔
بعد ازاں، اس کیس کی تفتیش کرائم برانچ جموں کو منتقل کر دی گئی اور تحقیقات سے پتہ چلا کہ ملزم نے دھوکہ دہی سے شکایت کنندہ کو اس کی محنت کی کمائی سے محروم کیا۔
ملزم کو کشمیر سے متعدد مقامات پر چھاپے مار کر گرفتار کیا گیا اور کیس کی تفتیش مکمل ہو چکی ہے۔