حیدرآباد: ریاستی وزیر آبپاشی این اتم کمار ریڈی نے کہا کہ غیر منقسم کریم نگر ضلع میں تمام آبپاشی پروجکٹس کی تکمیل کو یقینی بنایا جایگا۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ تلنگانہ، ہندوستان میں سب سے زیادہ دھان کی پیداوارکرنے والی ریاست کے طور پر ابھرا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے کسانوں نے 153 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی ریکارڈ پیداوار کی ہے۔
انہوں نے کہا گزشتہ 10 ماہ میں 50 ہزار بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا گیا ہے۔ ہم خواتین کے لیے بس میں مفت سفر کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو کی قیادت میں ریاست کو ہزاروں کروڑ روپے کی نئی سرمایہ کاری حاصل ہو رہی ہے۔
ہم نے 500 روپے میں گیس سلنڈر فراہم کیے ہیں، ہیلتھ اسکیم کی کوریج کو پانچ لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کر دیا گیاہے اور گوراویلی پروجیکٹ کے لیے 400 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کالیشورم پروجیکٹ کا پیکیج 9 83 فیصد مکمل ہو چکا ہے، اور آیندہ سال ہم اضافی 80,000 ایکڑ اراضی کو پانی فراہم کرنے کے لیے 340 کروڑ روپے خرچ کریں گے۔
انہوں نے کہا کالی کوٹا سورما پروجیکٹ پر 70 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں اور اسے مکمل کرنے کے لیے مزید 30 کروڑ روپے خرچ کیے جاینگے۔ یلم پلی پرو جکٹ کا مرحلہ اول، مرحلہ دوم مکمل ہو چکا ہے، اور 1,51,400 ایکڑ کو پانی فراہم کیا جایگا۔
یلم پلی کینال نیٹ ورک کے پیکج دوم میں ہم تمام زیر التواء کاموں کو مکمل کرنے کے لیے 170 کروڑ روپے خرچ کر رہے ہیں، جس سے 43,000 ایکڑ اراضی کو سیراب کیا جایگا۔ ہم اندرون ایک ہفتہ غیر منقسم کریم نگر ضلع میں آبپاشی پروجکٹس کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے مزید کہا، ہم سرسلہ میں کالیشورم پروجیکٹ کے پیکیج 9، 10، اور 11 کو مکمل کریں گے، جس سے 1.5 لاکھ ایکڑ اراضی کو سیراب کیا جا سکے گا۔