حسین محتشم
پونچھ//اپنے مطالبات کو لے کر محکمہ بجلی کے عارضی ملازمین کا ایک وفد وزیراعلیٰ کے دورے کے دوران ڈاک بنگلہ پونچھ میں ان سے ملاقی ہوا۔اس دوران ملازمین نے ایک تحریری یاداشت وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کو پیش کی جس میں انہوں نے اپنے مطالبات تحریر کئے تھے۔تحریری یاداشت میں تمام عارضی ملازموں کو مستقل کرنے،منیمم ویجز لاگو کرنے، کام کے دوران کرنٹ لگنے سے معذور افراد کو مالی تعاون کرنے، اور کام کے دوران حادثات کا شکار ہو کر اپنی جان سے جانے والے ملازمین کے اہل خانہ میں سے کسی ایک فرد کو ملازمت دینے کے ساتھ ساتھ دیگر مطالبات تحریر کئے گئے تھے۔عمر عبداللہ نے وفد میں شامل تمام ورکروں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے ساتھ جو مستقبل میں وعدے کئے گئے تھے ان کو پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملازموں کے ساتھ ہر طرح سے انصاف کرنے کی کوشش کی جائے گی۔عارضی ملازموں کی تنظیم کے صدر فاروق چوہدری اور دیگر کارکنان نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیراعلی عمر عبداللہ اور ان کی کابینہ ملازمین کے مطالبات کو حل کرنے میں اہم رول ادا کریں گے۔