ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان پر ان کے گھر میں چاقو سے حملے کے واقعے نے نہ صرف انڈسٹری بلکہ سوشل میڈیا پر بھی ہلچل مچا دی ہے۔ اس واقعے کے دوران اداکار کو فوری طور پر اسپتال پہنچانے والے آٹو رکشہ ڈرائیور بھجن سنگھ رانا نے اس رات کی سنسنی خیز تفصیلات بیان کی ہیں۔
آٹو ڈرائیور نے کیا بتایا؟
بھجن سنگھ رانا نے بتایا کہ وہ مسافروں کی تلاش میں ستگورو اپارٹمنٹ کے قریب تھے جب اچانک عمارت سے خون میں لت پت ایک شخص باہر نکلا۔ ان کے مطابق، "میں نے ایک شخص کو سفید کپڑوں میں دیکھا جو خون میں لت پت تھا۔ عمارت سے نکلنے والے دیگر افراد، جن میں خواتین بھی شامل تھیں، رکشہ چلانے کا شور مچانے لگیں۔”
رانا نے مزید بتایا، "میں نے فوری طور پر رکشہ میں زخمی شخص کو بٹھایا اور قریبی لیلاوتی اسپتال لے گیا۔ اس دوران مجھے بالکل اندازہ نہیں تھا کہ وہ ایک مشہور اداکار ہیں۔”
ہسپتال پہنچ کر معلوم ہوا سیف علی خان ہیں
رانا نے کہا، "ہسپتال پہنچنے کے بعد مجھے معلوم ہوا کہ وہ سیف علی خان ہیں۔ میں نے ان کی گردن اور جسم پر شدید چوٹیں دیکھیں۔ وہ درد میں کراہ رہے تھے، لیکن ہسپتال پہنچنے تک انہوں نے خود کو سنھبھالے رکھا۔”
کرینہ کپور آٹو میں موجود نہیں تھیں
رانا نے واضح کیا کہ جب وہ زخمی اداکار کو اسپتال لے جا رہے تھے، کرینہ کپور ان کے ساتھ نہیں تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسپتال پہنچنے میں تقریباً 5-6 منٹ لگے اور اس دوران انہوں نے فوری طور پر لیلاوتی اسپتال کا انتخاب کیا۔
رپورٹس کے مطابق، سیف علی خان پر 2.5 انچ کے چاقو سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں انہیں گردن اور ریڑھ کی ہڈی کے قریب چھ گہرے زخم آئے ہیں۔ اس حملے کے بعد انہیں فوری طور پر طبی امداد دی گئی۔