Last updated نومبر 11, 2024
ایم وی اے جیتے گی تو مودی کی حکومت کا بھی اختتام ہو جائے گا: نانا پٹولے
نریندر مودی نے کسانوں کے ساتھ دھوکہ کیا، 2014 میں ’چائے پے چرچا‘ میں کیے گئے وعدوں کا کیا ہوا؟
’بٹیں گے تو کٹیں گے‘, ’ایک ہیں تو سیف ہیں‘ کے نعرے لگا کر عوام کو گمراہ کرنے کے بجائے 10 سال میں کیا کیا اس کا حساب دیں
اُمَرِکھَیڈ (ایوت محل): مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو شکست کے آثار دکھائی دینے لگے ہیں جس کے بعد وہ ہندو-مسلم کی سیاست کرنے لگ گئی ہے۔ بی جے پی کے لیڈران اپنے بیانات میں مہنگائی، بے روزگاری اور کسانوں کے مسائل پر بات نہیں کرتے، بلکہ ’بٹیں گے تو کٹیں گے‘ اور ’ایک ہیں تو سیف ہیں‘ جیسے نعرے لگا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ نانا پٹولے نے عوام کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان دھوکے بازوں کی فریب دینے والی سیاست کا شکار نہ ہوں اور بی جے پی اتحاد کو اقتدار سے بے دخل کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مہا وِکاس آ گھاڑی جیتے گی تو نریندر مودی کی حکومت بھی ختم ہو جائے گی۔ یہ بات انہوں نے ایوت محل ضلع کے اُمرِکھَیڈ مہاگاؤں اسمبلی حلقہ کے ایم وی اے کے امیدوار صاحب راؤ کانبلے کے انتخابی جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔
کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے اپنے خطاب میں کہا کہ نریندر مودی نے 2014 کی لوک سبھا انتخابی مہم میں ایوت محل میں ’چائے پے چرچا‘ کے دوران کسانوں کے لیے آمدنی دگنا کرنے، کسانوں کی فصل کو ایم ایس پی دینے اور پہلی بار حکومت میں آ کر کسانوں کا قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اقتدار میں آ کر نریندر مودی کے یہ تمام وعدے محض انتخابی جملے ثابت ہوئے اور کسانوں کے ساتھ دھوکہ کیا۔ اب، دیویندر فڑنویس بھی مودی کی طرح کسانوں کو یہی جھوٹے وعدے کر کے انہیں گمراہ کر رہے ہیں۔ پٹولے نے کہا کہ 11 سال سے نریندر مودی کی حکومت ہے اور پچھلے 7.5 سالوں میں دیویندر فڑنویس بھی اقتدار میں ہیں، اس دوران انہوں نے کیا کیا، یہ عوام کو بتانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اب کسان بی جے پی کے اس جھوٹے وعدے کا شکار نہیں ہوں گے۔
پٹولے نے کہا کہ یہ انتخابات بہت اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ بی جے پی اتحادی حکومت نے مہاراشٹر کو سنگین بحران میں ڈال دیا ہے۔ شندے، فڑنویس اور اجیت پوار نے مودی اور شاہ کے سامنے گھٹنے ٹیک کر مہاراشٹر کو لوٹنے کا گناہ کیا ہے اور مہاراشٹر کو گجرات کے ہاتھوں گروی رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اتحادی حکومت نے چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمے میں بھی بدعنوانی کر کے شیواجی مہاراج اور لاکھوں شیواجی کے چاہنے والوں کی توہین کی ہے۔ بی جے پی کے ایک رہنما نے ایوت محل ضلع کے ونی میں کوئمبی سماج کو کتے کہہ کر بے عزت کیا۔ اس طرح کی منوادی ذہنیت کو اب اقتدار سے بے دخل کرنے کا وقت آ چکا ہے۔