مکہ مکرمہ: مکہ مکرمہ کے حرا کلچرل ڈسٹرکٹ میں دور نبویؐ کی ڈیجیٹل نمائش جاری ہے جب کہ نمائش میں اس دور کے متعدد نوادرات بھی رکھے گئے ہیں۔العربیہ کے مطابق حرا کلچرل ڈسٹرکٹ میں دور نبویؐ اور نزول وحی کے وقت کی ڈیجیٹل نمائش جاری ہے اور ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اس کو عقیدت واحترام سے دیکھ رہے ہیں۔
نمائش کی خاص بات جبل نور پر قائم غار حرا کی دلفریب تاریخی حیثیت کے ساتھ ساتھ حضرت محمد ؐ پر پہلی وحی نازل ہونے کی خوبصورت تاریخ بتائی جا رہی ہے۔عمرہ زائرین اور مقامی افراد جدید ترین ٹکنالوجی اور انٹرایکٹیو ڈسپلے کے ذریعہ تاریخی لمحات کا جائزہ لے سکتے ہیں۔
اس نمائش میں متعدد نوادرات بھی رکھے گئے ہیں جن میں قرآن کا ایک تصویری نسخہ بھی شامل ہے جو تیسرے خلیفہ راشد حضرت عثمان بن عفان ؓ کا تھا۔ اس کے علاوہ قدیم نوشتہ جات جن میں پتھر پر قرآن کی آیات کندہ ہیں، بھی رکھے گئے ہیں۔
یہ نمائش حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر نبی آخر الزماں ؐتک پیغمبرانِ اسلام کے ادوار کو گہرائی سے جاننے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتی ہے۔اس نمائش کے ساتھ ہی یہاں آنے والے افراد کے لیے گھڑ سواری کی مہارت کے مظاہرے، روایتی قافلوں کی نمائش اور دیگر دلچسپ چیلنجس بھی رکھے گئے ہیں۔