دہرہ دون: چیف منسٹر پشکر سنگھ دھامی نے کہا ہے کہ اتراکھنڈ میں یکساں سیول کوڈ(یو سی سی) 27 جنوری کو لاگو ہوجائے گا۔ اتراکھنڈ آزاد ہندوستان میں ایسا قانون نافذ کرنے والی پہلی ریاست ہوگی۔
اُنہوں نے ایک بیان میں کہاکہ ساری تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ یکساں سیول کوڈ سماج میں یکسانیت لائے گا۔ وہ سبھی شہریوں کیلئے مساوی حقوق اور ذمہ داریاں یقینی بنائے گا۔
بی جے پی نے 2022 کے اسمبلی الیکشن سے قبل وعدہ کیا تھا کہ دہرہ دون میں وہ اگر پھر برسراقتدار آتی ہے تو یکساں سیول کوڈ لاگو کردے گی۔ سال 2000 میں ریاست اتراکھنڈ کی تشکیل کے بعد سے کسی بھی دوسری جماعت نے یہ اقدام نہیں کیا۔ پیر کے دن اتراکھنڈ یکساں سیول کوڈ لاگو کرنے والی پہلی ریاست بن جائے گی۔
وہ دوسری ریاستوں کیلئے مثال قائم کرے گی۔ کئی بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں بشمول آسام نے اتراکھنڈ کے یوسی سی کو ماڈل بنانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
چیف منسٹردھامی نے قبل ازیں کہا تھا کہ یکساں سیول کوڈ کی گنگوتری اتراکھنڈ سے نکلے گی اور سارے ملک میں پھیل جائے گی۔ یکساں سیول کوڈ کی رو سے ریاست میں تمام شادیوں اور بغیر شادی کے ایک ساتھ زندگی گزارنے والے جوڑوں کا رجسٹریشن لازمی ہوجائے گا۔