آگرہ (یوپی) : مغل شہنشاہ شاہجہاں کے 370ویں عرس کا اتوار سے آغاز عمل میں آیا۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ شاہجہاں اور ان کی شریک ِ حیات ممتاز محل کے مزاروں پر چادر پیش کی گئی۔
محکمہ آرکیالوجی کے سینئر کنزرویشن اسسٹنٹ برائے تاج محل پرنس واجپائی نے بتایا کہ تاج عرس کمیٹی اور محکمہ کے ملازمین نے 2 بجے دن تہہ خانہ میں واقع مزار کو کھولا اور شاہجہاں و ممتاز محل کی مزاروں پر چادر چڑھائی گئی۔
اس دوران فاتحہ خوانی اور دعائیں کی گئیں۔ اصل گنبد کے باہر قوالوں نے صوفیانہ کلام پیش کیا۔ شاہجہاں نے 1631 عیسوی میں میں تاج محل تعمیر کرایا تھا تاکہ اپنی محبوب شریک ِ حیات ممتاز محل کا مقبرہ بنا سکے۔
اس کے اندر ایک مسجد اور ایک گیسٹ ہاؤز بھی واقع ہے۔ عہدیدار نے بتایا کہ شاہجہاں کا عرس منگل تک جاری رہے گا۔ سیاحوں کو پیر کے دن 2 بجے کے بعد تاج محل کی مفت سیر کرنے کا موقع ملے گا۔
منگل کے روز دن بھر سیاحوں کو مفت داخلہ دیا جائے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس (تاج سیکوریٹی) سید اریب احمد نے بتایا کہ سیاحوں کی زیادہ تعداد میں آمد کے پیش نظر وسیع تر سیکوریٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔