ممبئی:ممبئی کے باندرہ پولیس اسٹیشن میں شاہ رخ خان کو جان سے مارنے اور 50 لاکھ روپے کی مانگ کے کیس میں حیران کن انکشافات سامنے آئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم وکیل فیضان خان نے شاہ رخ خان کی سیکورٹی اور ان کے بیٹے آرین خان کے بارے میں آن لائن تحقیق کی اور کئی معلومات جمع کیں۔
تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ ملزم نے باندرہ پولیس اسٹیشن کا نمبر انٹرنیٹ سے نکال کر دھمکی آمیز کال کی۔ 30 اکتوبر کو ملزم نے ایک نیا موبائل فون خریدا اور اس میں اپنے پرانے سم کارڈ کو استعمال کیا۔ اس نے 2 نومبر کو موبائل چوری ہونے کی شکایت درج کروائی لیکن نمبر بند نہیں کروایا۔پولیس کا کہنا ہے کہ اگر موبائل واقعی چوری ہوا ہوتا تو چور سم بدل دیتا لیکن ملزم نے ایسا کچھ نہیں کیا۔
تحقیقات میں یہ بھی پتہ چلا کہ دھمکی دینے سے پہلے ملزم نے باقاعدہ منصوبہ بندی کی تھی۔ملزم کے موبائل کال ڈیٹا ریکارڈ سے پتہ چلا ہے کہ اس نے دھمکی دینے سے قبل مختلف لوگوں سے رابطے کیے لیکن وہ ان کے بارے میں تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہا۔
پولیس کو شک ہے کہ ملزم نے موبائل کہیں چھپا دیا ہے۔باندرہ پولیس کے مطابق، 5 نومبر کو ایک نامعلوم شخص نے شاہ رخ خان کو دھمکی آمیز کال کی۔