یو این آئی
نئی دہلی//گیانا کے صدر محمد عرفان علی نے وزیر اعظم نریندر مودی کوا سٹیٹ ہاس میں منعقدہ ایک تقریب میں گیانا کے اعلی ترین قومی اعزاز ‘دی آرڈر آف ایکسیلنس’ سے نوازا ہے۔ مودی کو یہ ایوارڈ ان کی دور اندیش سیاست، عالمی سطح پر ترقی پذیر ممالک کے حقوق کی وکالت، عالمی برادری کے لیے غیر معمولی خدمات اور ہندوستان-گیانا تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ان کے عزم کے لیے دیا گیا۔ مودی نے ایوارڈ کو قبول کرتے ہوئے یہ اعزاز ہندوستان کے لوگوں اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات کو وقف کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کا سرکاری دورہ ہند-گیانا دوستی کو مزید گہرا کرنے کے لیے ہندوستان کے مسلسل عزم کا ثبوت ہے۔وزیر اعظم گیانا کے اعلی ترین قومی اعزاز سے نوازے جانے والے چوتھے غیر ملکی رہنما ہیں۔ مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر ایک پوسٹ میں کہا، “صدر ڈاکٹر عرفان علی کا مجھے گیانا کے اعلی ترین اعزاز ‘دی آرڈر آف ایکسیلنس’ سے نوازنے کے لیے تہہ دل سے شکریہ۔” یہ ہندوستان کے 140 کروڑ لوگوں کی پہچان ہے۔وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پوسٹ کیا، “ہندوستان کے لیے ایک اور عظیم لمحہ جب وزیر اعظم نریندر مودی کو گیانا کے اعلی ترین قومی اعزاز “دی آرڈر آف ایکسیلنس” سے نوازا گیا۔