یو این آئی
لندن/انگلینڈ نے نوجوان کھلاڑی جیکب بیتھل کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے بین اسٹوکس کی قیادت والی ٹیم میں ڈیبیو کرنے کا موقع دیا ہے ۔ انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کے ساتھ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے افتتاحی میچ کے لیے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے ۔ بیتھل نے آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف وائٹ بال سیریز کے دوران اپنی حالیہ شاندار فارم کی بنیاد پرٹیم میں جگہ بنائی ہے اور وہ اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کریں گے ۔ آل راؤنڈر بین اسٹوکس ٹیم کے کپتان ہوں گے ۔ کرس ووکس، گس اٹکنسن اور بریڈن کارس کو فاسٹ بولنگ کی کمان سونپی گئی اور اسپنر کی ذمہ داری شعیب بشیر پر ہوگی۔ قابل ذکر ہے کہ انگلینڈ اگلے سال ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے مقابلہ سے باہر ہے ۔ جبکہ نیوزی لینڈ اب بھی ہوم گراؤنڈ پر سیریز 3-0 سے جیت کر چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنا سکتا ہے ۔ پہلا ٹیسٹ جمعرات سے کرائسٹ چرچ میں شروع ہوگا۔ سیریز کے آخری دو ٹیسٹ ویلنگٹن اور ہیملٹن میں کھیلے جائیں گے ۔ انگلینڈ الیون: جیک کرولی، بین ڈکٹ، جیکب بیتھل، جو روٹ، ہیری بروک، اولی پوپ (وکٹ)، بین اسٹوکس (کپتان)، کرس ووکس، گس اٹکنسن، برائیڈن کارس، شعیب بشیر۔