عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ مسعود اِیتو نے راشٹریہ سرویکشن 2024 ( فارملی نیشنل اچیومنٹ سروے) کے احسن انعقاد کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کے کانفرنس ہال میں ایک میٹنگ کی صدارت کی۔وزیر موصوفہ نے 4 ؍دسمبر 2024 ء کو منعقد ہونے والے راشٹریہ سرویکشن 2024 کے احسن اور منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ میں سکینہ مسعود ایتو نے افسروں سے خطاب کرتے ہوئے نظام کی سطح پر سکولی تعلیم کی کارکردگی اور تاثیر کا جائزہ لینے اور طلبأکے سیکھنے کے نتائج کا جائزہ فراہم کرنے ،پالیسی فیصلو ں اور تعلیمی اصلاحات کو مطلع کرنے کیلئے قیمتی ڈیٹا پیش کرنے میں راشٹریہ سرویکشن کے رول پر زور دیا۔انہوں نے اس بڑے پیمانے پر قومی تشخیص کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے دستیاب وسائل کو بہتر طریقے سے بروئے کار لانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تشخیص تعلیم میں خامیوںکی نشاندہی کرنے اور ہدف میں بہتری لانے کے لئے ایک اہم ٹول کے طور پر کام کرے گا۔وزیر موصوفہ نے اہم تعلیمی مراحل میں طلبأ کی قابلیت کا جائزہ لینے میں سروے کی اہم نوعیت پر زور دیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر میں سروے کے بغیر کسی رُکاوٹ کے عمل کویقینی بنانے کے لئے مربوط کوششوں اور محتاط منصوبہ بندی کی اہمیت پر زور دیا۔سکینہ ایتو نے ضلع ترقیاتی کمشنروں اور محکمہ تعلیم سمیت تمام شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ راشٹریہ سرویکشن 2024 کی کامیابی اور بغیر کسی رُکاوٹ کے اِنعقاد کو یقینی بنانے کے لئے مل کر کام کریں۔ انہوں نے سکولی تعلیم کے دونوںڈائریکٹروںکو ہدایت دی کہ وہ سروے کی اہمیت کو اُجاگر کرنے اور کمیونٹی کی سپورٹ حاصل کرنے کے لئے اپنے متعلقہ ڈویژنوں میںبیداری مہم شروع کریں۔انہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ اس بڑے پیمانے پر سروے سے جمع کردہ ڈیٹاپورے جموں و کشمیر میں تعلیمی معیار کو بلند کرنے کے لئے ثبوت پر مبنی پالیسی سازی کی رہنمائی کرے گا۔ انہوں نے سروے کے مقاصد کو مؤثر طریقے سے پورا کرنے اور قومی سطح پر جموں و کشمیر کی درجہ بندی کو بہتر بنانے کے لئے ضلعی سطح پر مضبوط تربیت اور تیاری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔وزیر موصوفہ نے اس قومی سطح کے جائزہ کے اِنعقاد کے لئے قابل اعتماد عملے کی تعیناتی پر بھی زور دیا۔انہوں نے ضلعی ہیڈ کوارٹروں میں ریسورس کسٹوڈی سینٹروںکے قیام کا جائزہ لیتے ہوئے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ ان سینٹروںکے قیام کی نگرانی کریں جس میں چوبیس گھنٹے سی سی ٹی وِی نگرانی سمیت مضبوط حفاظتی اَقدامات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔اُنہوں نے سیکورٹی ایجنسیوں کو یہ ذمہ داری بھی سونپی کہ وہ سروے کے عمل کی سا لمیت اور شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے ان سینٹروں پر مناسب سیکورٹی فراہم کریں۔سکینہ مسعود اِیتونے مقررہ سینٹروں تک سروے مواد کو بروقت اُٹھانے ، بھیجنے اور فراہم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے محکمہ تعلیم، ضلعی اِنتظامیہ اور سیکورٹی اِداروں پر زور دیا کہ وہ مل کر کام کریں اور آنے والے موسمی حالات کے پیش نظر کسی بھی غیر متوقع چیلنج سے نمٹنے کے لئے ریئل ٹائم کمیونی کیشن کو برقرار رکھیں۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ راشٹریہ سرویکشن۔2024 کا آغاز محکمہ سکولی تعلیم اور خواندگی اورمرکزی وزارت تعلیم کے ذریعے کیا جاتا ہے جس کا مقصد ضلع ، ریاستی اور قومی سطح پر طلبأ کے سیکھنے کی سطح پر منظم رائے فراہم کرنا ہے۔یہ اِن پٹ پالیسی کی منصوبہ بندی اور تعلیمی مداخلتوں کو ڈیزائن کرنے کے لئے اِستعمال کئے جاتے ہیں تاکہ معیار کو بہتر اور سیکھنے میں مساوات کو یقینی بنایا جا سکے۔میٹنگ میں ناظم سکولی تعلیم ڈاکٹر تصدق حسین میر ،ناظم ایس سی اِی آر ٹی جموں و کشمیر پروفیسر پرکشت سنگھ منہاس، محکمہ سکولی تعلیم کے سینئر اَفسران اور مختلف شعبہ جات کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ضلع ترقیاتی کمشنروں نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔