عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور کے وزیر جاوید احمد رانا نے محکمہ جنگلات کے سینئر افسران کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں اس کے اہم مسائل اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ ، سی ای او کیمپا اور اسٹیٹ فارسٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔اجلاس میں محکمے کے کام کاج کو مزید ہموار کرنے اور اس کی مجموعی کارکردگی کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔وزیر نے جموں و کشمیر کے تمام علاقوں میں لکڑی کی دستیابی سمیت اہم مسائل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے آپریشنز کو بہتر بنانے اور زیادہ کارکردگی کے حصول کے لیے مختلف محکمانہ ونگز کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔محکمہ کی افرادی قوت کو مضبوط بنانے کے لیے اس میں خالی اسامیوں پر بھرتی کے عمل کو تیز کرنے پر بات چیت کی گئی۔وزیر نے شہری علاقوں میں سبز مقامات کو فروغ دینے کے لیے نگر ون (شہری جنگلات) کی تشکیل کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کالی دھر رینج کے لیے ایک مضبوط جنگلات کا منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی تاکہ خطے میں جنگلات کے رقبے کو بڑھایا جا سکے۔جاوید رانا نے تمام علاقوں میں لکڑی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوام کی ضروریات کو مؤثر طریقے سے پورا کریں۔ انہوں نے کمپاکے تحت جاری منصوبوں کو تیز کرنے اور نگرانی اور عملدرآمد کو بہتر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کی اہمیت پر زور دیا۔وزیر نے افسران سے کہا کہ وہ مقررہ اہداف کو حاصل کرنے کے لیے مشن موڈ میں کام کریں۔