عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//تھنہ منڈی سب ڈویژن کے شاہدرہ شریف بازار میں آگ لگنے کی وجہ سے دو دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں جس سے املاک کو نقصان پہنچا۔آگ لگنے کا واقعہ شاہدرہ شریف میں بابا غلام شاہ بادشاہ کی مشہور درگاہ کے قریب واقع بازار میں پیش آیا۔متاثرہ دکانوں میں شاہدرہ کے رہائشی ناظم عمر ولد محمد شبیر کی ایک ریڈی میڈ گارمنٹ کی دکان اور یوپی کے بجنور کے رہائشی فرقون ولد محمد سلطان کی ایک مٹھائی کی دکان شامل ہے۔مقامی تاجروں، عام لوگوں اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی ٹیموں کے فوری ردعمل نے بروقت آگ بجھانے میں مدد کی جس سے ایک بڑی تباہی ٹل گئی۔آگ پر قابو پانے اور اُسے بازار کی دوسری دکانوں تک پھیلنے سے روکنے کے لئے یہ بڑے پیمانے پر فائر فائٹنگ آپریشن شروع کیا گیا تھا۔بروقت مداخلت سے نقصان کو کم کرنے میں مدد ملی، جس سے مارکیٹ کو بڑے پیمانے پر آگ لگنے سے بچایا گیا کیونکہ شاہدرہ شریف کی مارکیٹ میں بھیڑ ہے اور اس طرح آگ کے شعلے مزید پھیلنے سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوسکتا تھا۔آگ لگنے کی وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے اور حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔