عظمیٰ نیوزسروس
جموں//اِنڈیا چیمبر آف اِنڈسٹریز کے ایک وفد نے اس کے نائب صدر اور یوکے چیپٹر کے سربراہ چندیپ سنگھ کی قیادت میں نائب وزیر اعلی سریندر کمار چودھری سے ملاقات کی۔وفد نے نائب وزیراعلیٰ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس کا بنیادی مقصد سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع تلاش کرنا ، جموں و کشمیر کی بے پناہ اِقتصادی صلاحیتوں کو ظاہر کرنا اور جموں و کشمیر کی معیشت کے لئے عالمی راستے کی تعمیر کے لئے اِشتراک اور شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے وفد کو یقین دِلایا کہ جموں وکشمیر سرمایہ کاری کے لئے ایک مثالی جگہ ہے اور حکومت نے صنعتی شعبے کو مطلوبہ فروغ اورتقویت حاصل کرنے کو یقینی بنانے کے لئے متعدد اَقدامات کئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس کے نتیجے میں معیشت کو فروغ ملے گا اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقعے کی راہیں بھی ہموار ہوں گے۔
لیبر ویلفیئر سکیموں کے بارے میں بیداری پید ا کریں:نائب وزیر اعلیٰ
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے حکومت کی جانب سے عملائی جانے والی مختلف لیبر ویلفیئر سکیموں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ہدف شدہ آبادی کو فائدہ پہنچانے کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہار محکمہ لیبر کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے بلائی گئی میٹنگ کے دوران افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اِس موقعہ پر لیبر کمشنر چرن دیپ سنگھ، ڈپٹی لیبر کمشنر، صوبہ جموںکے اسسٹنٹ لیبر کمشنر اور دیگر افسران موجود تھے۔نائب وزیر اعلیٰ نے افسران سے کہا کہ وہ صوبہ جموںمیں باقاعدگی سے بیداری کیمپ منعقد کریں تاکہ مختلف سکیموں کے فوائد کے بارے میں معلومات کو صحیح طریقے سے پھیلایا جاسکے۔ اُنہوں نے کہا ،’’ افسران کو اِس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ یہ کیمپ جامع ہوں تاکہ شراکت داروں کی بڑے پیمانے پر شرکت کو یقینی بنایا جاسکے۔اِس کے علاوہ انہیں ان کے تحت فوائد حاصل کرنے کے لئے اِختیار کئے جانے والے طریقۂ کار کے بارے میں بھی آگاہ کیا جائے۔‘‘سریندرکمار چودھری نے مختلف کاروباری اِداروں اور میگا پروجیکٹوں کا باقاعدگی سے معائینہ کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ کارکنوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جاسکے۔ اُنہوں نے کہا کہ جب بھی خلاف ورزی دیکھی جائے تو کوئی سُستی نہیں ہونی چاہیے۔ اُنہوں نے کہا ،’’ افسران اِنڈسٹریل ا سٹیٹس کا باقاعدگی سے معائینہ کریں اور ان میں شامل پیداواری یونٹوں اوروہاں موجود انسانی وسائل کی سہولیات اور کام کے حالات کے بارے میں فیڈ بیک حاصل کریں۔‘‘ اُنہوں نے ان سے یہ بھی کہا کہ وہ معروضی طور پر رپورٹ کریں تاکہ اگر کوئی خامی ہے تو اسے صحیح طریقے سے دور کیا جاسکے۔‘‘اِس سے قبل نائب وزیر اعلیٰ نے جموں وکشمیر کے مختلف اَضلاع کے متعدد وفود سے ملاقات کی جنہوں نے اَپنے مسائل پیش کئے اور فوری ازالے کا مطالبہ کیا۔سریندرکمار چودھری نے اُنہیں یقین دِلایا کہ حکومت ان کا وقتی اَزالہ یقینی بنائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر کی مجموعی ، ضرورت پر مبنی اور علاقے کی مخصوص ترقی کے لئے پُرعزم ہے۔