November 15, 2024
File Image
جموں// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ حکومت نے گزشتہ چار سالوں کے دوران قبائلی برادریوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لئے نمایاں اقدامات کئے ہیں۔
انہوں نے جمعہ کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا، “میرا ہمیشہ سے مقصد قبائلیوں کے مفادات کا تحفظ کرنا اور ان کی خواتین اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانا رہا ہے”۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر حکومت نے قبائلی برادری کے لئے تاریخی نوعیت کے اقدامات کئے ہیں۔
منوج سنہا نے ایک اور پوسٹ میں بتایا کہ انہیں جموں کے کنونشن سینٹر میں “جنجاتیہ گرو دیوس” کی تقریب میں شرکت کا موقع ملا، جہاں انہوں نے معروف مجاہد آزادی بھگوان برسا منڈا کی قوم کی تحریک آزادی اور تعمیر میں خدمات کو سراہا۔
اس سے قبل، انہوں نے بھگوان برسا منڈا جی کو ان کی جنم جینتی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ایک پوسٹ میں کہا، “آئیے جنجاتیہ گرو دیوس کے موقع پر قبائلی برادریوں کی ترقی کے اپنے عزم کو دہراتے ہیں، ان کے ورثے کی حفاظت کریں اور ملک کی ترقی میں ان کے کردار کو یقینی بنائیں”۔