لیفٹیننٹ گورنر کاہینڈ لوم اور ہینڈ ی کرافٹ مصنوعات کی برآمد کے فروغ پرخصوصی توجہ کا اعادہ
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کل سری نگر میں ورلڈ کرافٹس کونسل ( ڈبلیو سی سی ) کی 60 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی ۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموںوکشمیر یوٹی میں ہینڈلوم اور ہینڈی کرافٹ شعبے کی زبردست صلاحیت کو اُبھارنے لئے حکومت کی طرف سے اُٹھائے گئے اہم اَقدامات پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے کہا،’’میرا خواب’میڈ اِن جموں کشمیر‘ تخلیقی مصنوعات کو دُنیا بھر کے گھرانوں کا مشہور اور لازمی حصہ بنانا ہے۔ ہمارا مقصد گلوبل کوآپریشن پر بھی توجہ مرکوز کرنا اور ہندوستان کے ان انمول فنی اور ثقافتی ورثے کے لئے لوگوں کے رابطے کو بہتر بنانا ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنرنے کہا کہ جموں و کشمیر وول پروسسنگ ، ہینڈی کرافٹس اور ہینڈ لوم پالیسی۔ 2020 کا نوٹیفکیشن ، کوآپریٹیو اور سیلف ہیلپ گروپ کے لئے مالی اِمداد سکیم ، کاریگروں اوربُنکروںکے لئے کریڈٹ کارڈ سکیم ، کار خانہ دارسکیم ، کرافٹ بازار کی روایت کی بحالی ، ، قالینوں کے لئے کیو آر کوڈ ، جدید پیکیجنگ ، کرافٹ کلسٹروں کی تعمیر اور کوآپریٹیوسوسائٹیوں کو فروغ دینے وغیرہ ہمارے باصلاحیت دستکاروں ور کاروباری افراد کو بااختیار بنانے کیلئے ہمارے مضبوط عزم کا ثبوت ہیں ۔ اُنہوں نے جموںوکشمیر یوٹی میں روز گار کے مواقع بڑھانے اور ہینڈ لوم اور ہینڈی کرافٹ مصنوعات کی برآمد کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ کے ساتھ مربوط ترقی کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنرنے کہا کہ ہم دستکاری کو سیاحت میں ضم کرنے اور بین الاقوامی سیاحوں کو راغب کرنے اور مقامی معیشت کو مضبوط کرنے کیلئے سیاحتی صنعت کو فروغ دینے کیلئے جموں کشمیر کو ایک اہم ثقافتی مقام کے طور پر پوزیشن دینے پر بھی کام کر رہے ہیں ۔ اُنہوں نے دستکاریوں اور صنعت کاروں کو حکومت کی طرف سے ہر طرح کی سپورٹ اور مدد کا یقین دلایا تا کہ ان کے جائز مسائل کو دور کیا جا سکے تا کہ ہینڈ لوم اور ہینڈی کرافٹ شعبے کی ترقی اور مسابقت کو مزید فروغ دیا جا سکے ۔اِس موقعہ پر صدرورلڈ کرافٹس کونسل انٹر نیشنل شیخ سعد ہانی القدومی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کرافٹس کونسل سری نگر کو دستکاری کے عالمی مرکز کے طور پر پوزیشن دینے کے سفر پر گامزن ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے دستکاری کی نمائش کا دورہ کیا اور مقامی ، قومی اور بین الاقوامی کاریگروں کی جانب سے لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا ۔ اِس موقعہ پر چیف سیکرٹری ، کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت جے اینڈ کے ، اعلیٰ حکام ، ورلڈ کرافٹس کونسل کے اراکین ، مختلف ممالک کے مندوبین ، مقامی ، قومی اور بین الاقوامی کاریگر موجود تھے ۔