بلال فرقانی
سرینگر//جموں و کشمیر حکومت نے خطے کی اہم شاہرائوں اور سڑکوں پر بیت الخلائوں(واش روم) سمیت دیگر ضروری سہولتوں کے جائزے اور نگرانی کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد سفر کرنے والے عوام کے لیے بہتر سہولتیں فراہم کرنا اور سفر کے دوران بیت الخلاء کی سہولتوں کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔کشمیر میں شاہرائوں ،سڑکوں اور دیگر راستوں پر بیت الخلاء کی سہولتوں کی کمی عام لوگوں، سیاحوں اور کاروباری افراد کیلئے باعث پریشانی ہے۔ طویل سفر کرنے والے افراد کے لیے بیت الخلاء کی عدم موجودگی یا غیر فعالیت سے نہ صرف ان کی راحت متاثر ہوتی ہے بلکہ ان کی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ سیاحوں کے لیے یہ مسئلہ خاص طور پر اہم ہے، کیونکہ کشمیر سیاحت کے لیے ایک مقبول مقام ہے اور سیاحوں کی آمدورفت میں اضافے کے باوجود مناسب بیت الخلاء کی سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے ان کی سفر کا تجربہ ڈرائونا خواب ثابت ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ، کاروباریوں اور ٹرانسپورٹ کے شعبے کے لیے بھی یہ ایک چیلنج بن چکا ہے کیونکہ خراب سہولتیں مسافروں کی تعداد کو متاثر کرتی ہیں، جس سے مقامی معیشت پر برا اثر پڑتا ہے۔سرکار کی جانب سے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو ان سہولتوں کی نگرانی کے علاوہ انکا جائزہ بھی لے گی۔زرعی پیدوار محکمہ کے انتظامی سیکریٹری کی سربراہی والی یہ کمیٹی شاہرائوں و سڑکوں پرموجودہ، مجوزہ، اور زیر تعمیر عوامی سہولتوں سمیت بیت الخلا ئوں کی سہولتوں کا جامع جائزہ لے گی۔ کمیٹی اس بات کا تعین کرے گی کہ یہ سہولتیں کس حد اور لحاظ تک فعال ہیں اور ان میں بہتری کے لیے کیا اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ اس جائزے میں راستوں پر ایسے تمام لازمی سہولیات شامل ہوں گی جو عوام کے لیے مفت دستیاب ہیں اور جنہیں مختلف محکمے جیسے کہ سیاحت،نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا،نیشنل ہائے وے اینڈ انفراسٹریکچر ڈیولپمنٹ کاروپریشن، بارڈر روڈس آرگنائزیشن اور محکمہ تعمیرات عامہ کے ذریعے برقرار رکھا یا تیار کیا جا رہا ہے۔کمیٹی یہ تجویز کرے گی کہ بیت الخلاء کی سہولتوں کے لیے فاصلے اور حجم کے حوالے سے یکساں معیار ہوں تاکہ روزانہ سفر کرنے والوں کی تعداد کے مطابق یہ سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔کمیٹی ایک خودمختار ماڈل تجویز کرے گی تاکہ ان بیت الخلاء کی مناسب دیکھ بھال اور فعالیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس میں باقاعدہ جسمانی اور فنکشنل معیار کی جانچ کے لیے ایک طریقہ کار اور عوامیرائے کانظام بھی شامل ہوگا۔کمیٹی راستوں پر موجود سہولیات کی مسلسل نگرانی کرے گی تاکہ موجودہ سہولتوں کی حالت میں بہتری لائی جا سکے اور اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ان سہولتوں کا معیار بلند رہے۔ اس کمیٹی میں محکمہ مکانات و شہری ترقی،محکمہ سیاحت اور محکمہ تعمیرات عامہ کے انتظامی سیکریٹری ممبران ہونگے جبکہ کمیٹی کو کسی بھی خصوصی مشورے کے لیے اضافی اراکین کو شامل کرنے کا اختیار حاصل ہے۔اس اقدام سے یہ امید کی جا رہی ہے کہ سڑکوں اور شاہرائوںپر بیت الخلاء کی سہولتوں کی فراہمی میں بہتری آئے گی، جو عوامی سفر کی سہولت کو بہتر بنائے گا اور لوگوں کے لیے ایک بہتر اور خودمختار ماڈل کی صورت میں ایک طویل مدتی حل فراہم کرے گا۔