November 16, 2024
سرینگر// ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکنے اور سڑکوں پر حفاظتی اصولوں کو یقینی بنانے کے لئے ایک بڑے اقدام کے تحت موٹر وہیکلز ڈپارٹمنٹ نے آر ٹی او کشمیر سید شاہنواز بخاری کی قیادت میں ہفتے کے روز کشمیر بھر میں ایک وسیع پیمانے پر نافذ العمل مہم چلائی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس مہم کا مقصد بڑے ٹریفک خلاف ورزیوں کو نشانہ بنانا تھا جن میں فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑیاں، اوور لوڈنگ، سیٹ بیلٹ کا استعمال نہ کرنا، نابالغوں کی ڈرائیونگ اور موٹر وہیکلز ایکٹ 1988 کے تحت دیگر خلاف ورزیاں شامل تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ مہم کے دوران کل 2,338 گاڑیوں کی جانچ کی گئی جن میں بسیں، سکول بسیں، گڈز کیریئرز اور نجی گاڑیاں شامل تھیں۔ ان میں سے 586 گاڑیوں کا چالان کیا گیا جن میں بغیر ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ، اوور لوڈنگ، اور فٹنس و انشورنس سرٹیفکیٹ میں کمی شامل تھی۔ مزید 11 گاڑیاں ضبط کی گئیں اور 7.98 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
یہ مہم سرینگر، پلوامہ، بارہمولہ، کولگام اور گاندربل سمیت مختلف اضلاع میں چلائی گئی۔
سرینگر میں سب سے زیادہ 2.22 لاکھ روپے جرمانہ عائد ہوا، اس کے بعد کولگام اور گاندربل میں بھی بڑی تعداد میں خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔
آر ٹی او کشمیر نے کمیونٹی لیڈرز، مذہبی شخصیات اور اساتذہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اجتماعی کوشش میں فعال طور پر حصہ لیں اور ٹریفک قوانین اور سڑکوں کی حفاظت کے بارے میں آگاہی پھیلائیں۔
انہوں نے عوام میں ذمہ داری اور قوانین کی پابندی کا شعور اجاگر کرنے کے لئے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
موٹر وہیکلز ڈپارٹمنٹ نے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور سڑکوں کو محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔