عظمی نیوز سروس
سرینگر // مرکزی سرکار نے تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے تمام آئی بینکوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ٹشو اورکورنیا کی پیوندکاری کو نیشنل آر گن اینڈ ٹشو ٹرانسپلانٹ آرگنازیشن کی دستیاب لنک پر لازمی رجسٹر کریں۔ ملک میں موجود تمام ہسپتالوں اور آئی بینکوں کو ٹرانسپلانٹ کرانے والے مریضوں کی فہرست اور ٹرانسپلانٹ کے خواہشمند افراد، عطیہ کرنے والوں اور ٹرانسپلانٹ کرنے والے ڈاکٹروں کی تفاصیل،متعلقہ ہسپتال اور آئی بینک کے پاس موجود سٹاک جن میں ٹشو اور کارنیا ، استعمال کئے گئے اعضاء اور ٹشوئوں کی جانکاری کا اندراج کیا جائے۔ حکام نے بتایا کہ جس طریقے سے جگر اور گردوں کے مریضوں کی تفصیلات مرکزی پلیٹ فارم پر دستیاب ہے، اسی طرح کارنیا ٹرانسپلانٹ کرنے والے مریضوں کی تفصیلات بھی دستیاب ہونی چاہئیں۔ مذکورہ تنظیم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر انیل کمار نے تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے نام ایک مکتوب میںکہا ہے کہ تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں آنکھوں کی پیوندکاری سے جڑے منتظمین کو ٹشو اور کارنیا کی تمام تفصیلات قومی تنظیم برائے ٹشو اور اعضاء پیوندکاری کو ہر ماہ فراہم کرنے ہونگے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ ٹشو اور کارنیا کا عطیہ ، ٹشو اور کارنیا کا حصول اور اس کی تقسیم کی ملکی سطح پر 14مئی کو ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کی صدارت میں ہونے والی میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا ہے۔ مرکزی سرکار نے مذکورہ تنظیم کو ٹشو اور کارنیا کا عطیہ کرنے والے اور حاصل کرنے والے لوگوں کی رجسٹری تیار کرنے کا اختیار مذکورہ تنظیم کو دیا ہے۔ مکتوب میں لکھا گیا ہے کہ تمام ٹشو کی پیوندکاری جن میں کارنیا ، ٹرانسپلانٹ سینٹرز اور ٹشو بینکوں کے علاوہ تمام ریاستوں میں رجسٹر آئی بینکوں کو اندراج کیلئے NOTTO کے لنک پر فراہم کرنے ہونگے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملک میں کئی ایسے غیر فعال آئی بینک ہیں جنہیں رجسٹریشن فراہم کی گئی ہے۔ قوائد و ضوابط کے مطابق ہر ایک آئی بینک کو ہر سال کم سے کم 500کارنیا جمع کرنے ہوتے ہیں۔ مکتوب میں لکھا گیا ہے کہ ریاستوں کے منتظمین سے گذارش کی جاتی ہے کہ آنکھوں اور کارنیا کے اعداد و شمارسالانہ دیکھیں اور اگر کسی ریاست کے آئی بینک کی کارکردگی مایوس کن ہے تو ریاستی منتظمین انہیں وارننگ دے سکتے ہیں تاکہ وہ آئندہ سال آنکھوں اور کارنیا کو جمع کرنے کی سرگرمیوں میں اضافہ کریں۔