عظمیٰ نیوزسروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے کبیر بھون، بشناہ میں “آل جموں و کشمیر سدگورو کبیر سبھا” کے زیر اہتمام ‘ستسنگ سماگم میں شرکت کی۔اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے سنت کبیر کو خراج عقیدت پیش کیا اور سماج میں ان کے بھرپور تعاون پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ سنت کبیر کے وژن اور نظریات ہماری ثقافت میں موجود آفاقی اقدار کی نمائندگی کرتے ہیں۔انکاکہناتھا’’دلوں کا اتحاد اور ذہنوں کا اتحاد امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے۔ آئیے ہم مل کر ایک جامع معاشرے کی تعمیر کے لیے کام کریں‘‘۔ایل جی نے مزید کہا’’سنت کبیر کی تعلیمات بھی مختلف سماجی مسائل اور چیلنجوں کی عکاسی کرتی ہے اور خواتین کو بااختیار بنانے اور بنکروں، کسانوں اور معاشرے کے دیگر پسماندہ طبقات کی ترقی کی وکالت کرتی ہے۔ اندرونی تلاش اور سماجی اصلاح پر ان کا زور ہر ہندوستانی اور آنے والی نسلوں کو متاثر کرتا رہے گا‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ سنت کبیر کی لازوال تعلیمات اور فلسفے کو اپنائیں اور اتحاد، امن اور سماجی انصاف کے پیغام کو عام کریں۔آل جموں و کشمیر سدگورو کبیر سبھا کے نمائندوں کی طرف سے پیش کردہ مسائل اور مطالبات کا جواب دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے یقین دلایا کہ کمیونٹی کے ذریعہ پیش کردہ حقیقی مسائل کو حل کرنے کے لئے مناسب کارروائی کی جائے گی۔انکاکہناتھا’’وزیر اعظم نریندر مودی نے محروم طبقات کی مجموعی بہبود کو اولین ترجیح دی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ کئی دہائیوں سے امتیازی سلوک کا شکار کمیونٹیز آگے آئیں اور ترقی کے سفر میں شراکت دار بنیں اور ترقی کے ثمرات سے لطف اندوز ہوں‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے بھی کمیونٹی کو بااختیار بنانے کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ کیا اور حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔