سمت بھارگو
راجوری//حکام نے اتوار کی سہ پہر مغل روڈ کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے چند گھنٹوں تک بند رکھا کیونکہ ہلکی برف باری کے باعث پید ہوئی پھسلن کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت میںخلل پیدا ہو رہا تھا ۔پونچھ ضلع کو شوپیاں سے ملانے والی سڑک پیر کی گلی کے اونچے پہاڑی سلسلے سے گزرتی ہے اور اس علاقے میں گزشتہ ہفتے موسم کی پہلی برف باری ہوئی تھی جس سے سڑک کو ایک دن کیلئے بند کر دیا گیا تھا جبکہ اتوار کو پیر کی گلی کے قریب کے علاقے میں ہلکی برف باری ہوئی تھی جس کی وجہ سے شاہراہ پر پھسلن پیدا ہو گئی تھی۔حکام نے بتایا کہ گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی اتوار کو ہلکی برفباری کے بعد نافذ کی گئی تھی اور یہ دوپہر کے آخر تک نافذ رہی لیکن بعد میں گاڑیوں کی معمول کی نقل و حرکت کی اجازت دی گئی۔