عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// شمالی کشمیر کے کئی علاقے سنیچر کی صبح برف سے ڈھکے ہوئے تھے کیونکہ کچھ مقامات پر 8 ملی میٹر سے زیادہ برف باری ہوئی ۔ جہاں بالائی علاقوں مین برف باری ہوئی، وہیں وادی کے میدانی علاقوں میں بارش ہوئی۔پہاڑی علاقوںمیں برف باری نے پیر پنچال کے ساتھ مغل روڈ، بانڈی پورہ گریز روڈ سمیت کئی اہم سڑکوں کو بند کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ حکام نے کہا، مغل روڈ کو “احتیاطی تدابیر” کے لیے بند کر دیا گیا اور اسے جلد ہی کھول دیا جائے گا۔سیاحتی مرکز گلمرگ، دودھ پتھری اور سونمرگ میں بھی ہفتہ کو تازہ برف باری ہوئی۔ کپواڑہ میں اتوار کی صبح 7ملی میٹر برف جمع ریکارڈ کی گئی۔ شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ میں 5 ملی میٹر، بارہمولہ میں 4 ملی میٹر اور ہندواڑہ میں بھی 8 ملی میٹر برف پڑی۔ ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع کو جموں ڈویژن کے جڑواں اضلاع پونچھ اور راجوری سے جوڑنے والی تاریخی مغل سڑک کو اتوار کو پیر کی گلی میں برف باری کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا ۔شمالی کشمیر ضلع کے گریز رازدان ٹاپ اور دیگر متصل سڑکوں پر برفباری جمع ہونے کی وجہ سے گریز-بانڈی پورہ سڑک کو بھی گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ پھسلن کی وجہ سے سونمرگ کرگل روڈ پر ٹریفک بھی معطل ہے۔سرحدی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے کرناہ سے برف باری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ کے لیہہ میں بھی اتوار کو موسم کی پہلی برف باری ہوئی۔ کوکرناگ کو چھوڑ کر ہفتے کے روز وادی کے تمام موسمی سٹیشنوں پر دن کے درجہ حرارت میں معمولی کمی آئی اور معمول سے نیچے ریکارڈ کیا گیا۔ سری نگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 12.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔موسمیاتی مرکز سری نگر نے پیش گوئی کی ہے نومبر کے آخر تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ایک اور ویسٹرن ڈسٹربنس 1 دسمبر کو ٹکرانے کا امکان ہے جس کی وجہ سے 30 نومبر کی دیر رات سے 1 دسمبر کی دوپہر کے دوران اونچائی پر اور بکھرے ہوئے مقامات پر ہلکی بارش اور ہلکی برف باری ہو سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موسم عام طور پر 5 دسمبر تک خشک رہے گا۔