نئی دہلی: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ ان کے لیے آئین سب سے مقدم ہے اور پارلیمنٹ میں عوام سے جڑے مسائل کو اٹھانا ان کی ترجیح ہوگی۔
محترمہ پرینکا گاندھی نے لوک سبھا کی رکنیت کا حلف لینے کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ وہ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے ساتھ مل کر لڑتی رہیں گی۔ آئین کو مضبوط کرنا اور عوامی مسائل کو پارلیمنٹ میں اٹھانا ان کا فرض ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میری ترجیح عوام کے اہم مسائل کو اٹھانا اور ملک اور پارٹی کے لیے کام کرنا ہے۔ ہمارے لیے آئین سے بالاتر کوئی چیز نہیں ہے۔ ہم آئین کے اصولوں کے لیے لڑتے ہیں اور لڑتے رہیں گے۔
اس دوران کانگریس صدر ملک ا رجن کھڑگے نے کہا کہ محترمہ پرینکا گاندھی کے پارلیمنٹ میں داخل ہونے سے پارٹی کو نئی توانائی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پارلیمنٹ میں نئی توانائی اور نئی طاقت ملی ہے۔ پرینکا جی چیزوں کو اچھی طرح سمجھتی ہیں اور عوامی مسائل کو اٹھاتی ہیں۔ ان کے پارلیمنٹ میں داخل ہونے سے ہماری پارٹی، عوام اور بالخصوص ملک کی خواتین کو فائدہ ہوگا۔