غلام نبی رینہ
کنگن//سرینگر سونمرگ شاہراہ کے مختلف مقامات جن میں سب ضلع کنگن، مرگنڈ، ژیرون، مامر گنہ ون، سمبل،گنڈ کلن، گگن گیر شامل ہیں،میں سڑک پر کوڑاکرکٹ کے ڈھیر جمع ہیں جس سے نہ صرف یہاں کی خوبصورتی بری طرح سے متاثر ہورہی ہے بلکہ جمع کچرے کی وجہ سے آوارہ کتوں کے جھنڈ راہگیروں کو پریشان کرتے ہیں۔ اگرچہ محکمہ دیہی ترقی نے ہر ایک بلاک میں گھروں اور ہوٹلوں سے کوڑا کرکٹ جمع ہونے اور اس کو اٹھانے کیلئے گاڑیاں دستیاب رکھی تھیں ، لیکن ایک سال کے بعد تحصیل گنڈ میں اچانک گاڑیاں غائب ہوگئی ، جس کی وجہ سے لوگ اب مجبور ہوکر گھروںمیں جمع ہونے والے کوڑا کرکٹ کو سڑکوں اور دیگر جگہوں پر ڈال رہے ہیں، اوراب سرینگر سونمرگ شاہراہ پر روزانہ سفر کرنے والے سیاحوں کی نظریں پہلے یہاں کی خوبصورتی کے بجائے کوڑا کرکٹ پر پڑتی ہیں۔ مقامی لوگوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سب ضلع کنگن کے ان علاقوں میں گھروں اور ہوٹلوں سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کیلئے گاڑیاں دستیاب کی جائے تاکہ سرینگر سونمرگ شاہراہ کی خوبصورتی بحال رہنے کے ساتھ ساتھ یہاں کا ماحول بھی صاف رہے۔