امید ہے نئی حکومت امن برقرار رکھے گی،دہشت گردی پر سخت کاروائی کرے گی: رینہ

2 hours ago 1

October 9, 2024October 9, 2024

File Photo

عظمیٰ ویب ڈیسک

جموں// جموں و کشمیر میں بی جے پی کے اہم اپوزیشن کی حیثیت سے ذمہ داری ادا کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے، جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے بدھ کو امید ظاہر کی کہ نیشنل کانفرنس کی قیادت میں بننے والی حکومت دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کے خلاف سخت اقدامات کرے گی اور خطے میں امن اور بھائی چارے کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں بی جے پی کی حمایت یافتہ آزاد امیدواروں اور ہم خیال جماعتوں کی ناقص کارکردگی نیشنل کانفرنس-کانگریس اتحاد کے اکثریت حاصل کرنے کی ایک بڑی وجہ ہے۔
رینہ نے کہا، “بی جے پی نے 29 اسمبلی نشستیں جیت کر اور سب سے زیادہ ووٹ شیئر حاصل کر کے اپنی تاریخ کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہم عوام کا شکر گزار ہیں اور وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور پارٹی کے صدر جے پی نڈا کے کردار کو تسلیم کرتے ہیں جن کی قیادت میں یہ شاندار کامیابی ممکن ہوئی”۔
جموں میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رینہ، جو اپنے آبائی حلقہ نوشہرہ سے نیشنل کانفرنس کے سریندر چوہدری کے ہاتھوں ہار گئے، نے کہا کہ بی جے پی 35 نشستیں حاصل کرنے اور کشمیر کے آزاد امیدواروں اور ہم خیال جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کا منصوبہ بنا رہی تھی۔
بی جے پی رہنما نے کہا، “ان آزاد امیدواروں اور جماعتوں کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں تھی اور وہ اتحاد کے امیدواروں سے ہار گئے۔ میری نیک خواہشات تمام جیتنے والے امیدواروں کے ساتھ ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ بننے والی حکومت عوامی مفاد کے لیے کام کرے گی اور خطے میں امن، خوشحالی اور بھائی چارے کو فروغ دے گی”۔
انہوں نے مزید امید ظاہر کی کہ نئی حکومت جموں و کشمیر میں علیحدگی پسندی اور دہشت گردی کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔
رینہ نے کہا کہ مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر میں سکیورٹی کی صورتحال اور ترقی میں مجموعی طور پر بہتری لائی ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا، “نئی حکومت کو خاص توجہ دینی ہوگی تاکہ جموں و کشمیر میں حاصل شدہ امن کو کوئی نقصان نہ پہنچے جو پچھلے 10 سالوں میں مودی اور وزیر داخلہ کی کوششوں سے ممکن ہوا ہے”۔
بی جے پی کے صدر نے کہا کہ اتحاد کی حکومت سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ عوام کے ساتھ انصاف کرے گی اور اپنے منشور کے مطابق ڈیلی ویجرز کو ریگولرائز کرے گی۔
رینہ نے کہا، “بی جے پی کے جیتنے والے امیدوار نئی اسمبلی میں اپنی ذمہ داری پوری کریں گے۔ وہ عوامی مسائل کو بھرپور طریقے سے اٹھائیں گے اور یہ یقینی بنائیں گے کہ لوگوں کی شکایات کا ازالہ کیا جائے۔ بی جے پی امن، خوشحالی اور قوم پرستی کے وعدے پر قائم ہے،پارٹی کے نومنتخب اراکین جلد ملاقات کریں گے تاکہ مستقبل کا لائحہ عمل تیار کیا جا سکےـ”۔
انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ اور جے پی نڈا نے انہیں بی جے پی کی کارکردگی پر مبارکباد دینے کے لیے فون کیا۔
رینہ نے مزید کہا، “جموں خطے سے کانگریس اور نیشنل کانفرنس کا تقریباً صفایا ہو گیا ہے۔ کشمیر میں بی جے پی کی کارکردگی بھی قابل ذکر رہی۔ پارٹی نے راجوری اور پونچھ میں دو لاکھ سے زیادہ ووٹ حاصل کیے جہاں پہلے بی جے پی کو امیدوار تک ملنا مشکل ہوتا تھا۔ عوام نے پارٹی کا ساتھ دیا اور ہم ان کے شکر گزار ہیں”۔
اپنے حلقہ نوشہرہ سے شکست کے بارے میں بات کرتے ہوئے رینہ نے کہا کہ وہ جیت کی امید رکھتے تھے اور “ہم اپنی شکست کی وجوہات کا جائزہ لیں گے”۔
اُنہوں نے مزید کہا، “نوشہرہ کے لوگوں نے بی جے پی کو 27,000 سے زیادہ ووٹ دیے جو 2014 کے اسمبلی انتخابات کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہیں۔ 2022 میں ہونے والی حد بندی کے بعد حلقے کا ایک بڑا حصہ سندربنی-کالاکوٹ حلقہ میں شامل ہو گیا، جسے پارٹی نے 20,000 سے زائد ووٹوں کی بھاری اکثریت سے جیتا”۔

*** Disclaimer: This Article is auto-aggregated by a Rss Api Program and has not been created or edited by Nandigram Times

(Note: This is an unedited and auto-generated story from Syndicated News Rss Api. News.nandigramtimes.com Staff may not have modified or edited the content body.

Please visit the Source Website that deserves the credit and responsibility for creating this content.)

Watch Live | Source Article