نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے ہفتہ کو جھارکھنڈ میں انڈیا الائنس کی جیت کے لئے عوام کا شکریہ ادا کیا اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ اور کانگریس کارکنوں کو جیت کے لئے مبارکباد دی۔
کانگریس کے لیڈر نے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے نتائج کو غیر متوقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتحاد کی شکست کی وجوہات کا بعد میں جائزہ لیا جائے گا۔
گاندھی نے کہا، "انڈیا الائنس کو بھاری مینڈیٹ دینے کے لیے جھارکھنڈ کے عوام کا تہہ دل سے شکریہ۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین جی، کانگریس اور جے ایم ایم کے تمام کارکنوں کو اس جیت کے لیے دلی مبارکباد اور نیک خواہشات۔ ریاست میں اتحاد کی یہ جیت آئین کے ساتھ ساتھ پانی، جنگل اور زمین کے تحفظ کی جیت ہے۔”
انہوں نے مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات کے نتائج کو چونکا دینے والا قرار دیتے ہوئے کہا، "مہاراشٹر کے نتائج غیر متوقع ہیں اور ہم ان کا تفصیل سے تجزیہ کریں گے۔ ریاست کے تمام ووٹر بھائیوں اور بہنوں اور تمام کارکنوں کا ان کی محنت کے لئے شکریہ۔ "