آیوشمان بھارت | طبی نگہداشت کے سفر میں ایک سنگ میل

3 hours ago 1

September 22, 2024

جگت پرکاش نڈا

اس وقت جب کہ ہم آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا (اے بی-پی ایم جے اے وائی) کی چھٹی سالگرہ منا رہے ہیں، یہ لمحہ بے حد فخر اور غور فکر کا ہے۔ ستمبر 2018 میں شروع کیا گیا اے بی-پی ایم جے اے وائی ہمارے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی دور اندیشانہ قیادت میں دنیا میں صحت دیکھ بھال کے سب سے بڑے اقدامات میں سے ایک بن گیا ہے۔ یہ تمام شہریوں، خاص طور پر ، کم زور ترین عوام کے لیے صحت دیکھ بھال کی مساوی رسائی فراہم کرنے کے لیے اس حکومت کی عہد بستگی کی نمائندگی کرتا ہے۔گذشتہ چھ برسوں کے دوران، اس پرجوش اسکیم نے لاکھوں زندگیوں پر اپنے اثرات مرتب کیے ہیں، اور امید، شفا یابی اوربہت سے معاملات میں زندگی بخش علاج فراہم کیا ہے۔ اے بی پی ایم جے اے وائی کا سفر اس بات کا ثبوت ہے کہ جب کوئی قوم اپنے لوگوں کی صحت اور بہبود کو بہتر بنانے کے مشترکہ مقصد کے ساتھ متحد ہوتی ہے تو کیا کیا حاصل کیا جاسکتا ہے۔

صحت دیکھ بھال کی رسائی میں انقلاب:

آیوشمان بھارت کا بنیادی مشن سادہ لیکن گہرا ہے: اس بات کو یقینی بنانا کہ کسی بھی بھارتی کو اس کی مالی حیثیت کی وجہ سے صحت دیکھ بھال سے محروم نہ ہونا پڑے۔ ثانوی اور تیسرے درجے کے اسپتا وں کی دیکھ بھال کا احاطہ کرنے کے لیے فی کنبہ 5 لاکھ روپے کی سالانہ کوریج کے ساتھ، اے بی -پی ایم جے اے وائی نے معاشی طور پر پسماندہ کنبوں کو ملک کے بعض بہترین اسپتالوں میں مفت معیاری طبی خدمات کے ذرائع فراہم کیے ہیں۔

اے بی پی ایم جے اے وائی کے فوائد کو 70 سال اور اس سے زیادہ عمر کے تمام بزرگ شہریوں تک توسیع دینے کا حکومت ہند کا حالیہ فیصلہ ہمارے ملک میں بدلتی ہوئی آبادیاتی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک لطیف قدم ہے۔ اس سے پہلے، ہماری کمیونٹی ہیلتھ ورکرز کے کنبوں – منظور شدہ سوشل ہیلتھ ایکٹوسٹ (آشا)، آنگن واڑی کارکنوں اور آنگن واڑی ہیلپروں کو اس اسکیم کے تحت لایا گیا تھا۔ اب تک اس اسکیم کے تحت 55 کروڑ سے زیادہ لوگ صحت دیکھ بھال کی خدمات حاصل کرنے کے اہل ہیں اور 7.5 کروڑ سے زیادہ لوگ 10کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے علاج کے اہل ہیں۔ ایک لاکھ کروڑ روپے کام یابی سے فراہم کیے گئے ہیں۔ یہ ایک قابل ذکر کام یابی ہے۔ وہ خاندان جو کبھی بے تحاشا طبی اخراجات کی وجہ سے غربت میں چلے جاتے تھے، اب ان کے پاس ایک مالی ڈھال موجود ہے جو انھیں اس طرح کے بحرانوں سے بچاتی ہے۔ بے حساب طبی اخراجات کا سامنا کرنے والے کنبوں کے لیے، یہ اسکیم ایک لائف لائن رہی ہے۔ کسانوں سے لے کر یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں تک – مستفیدین کے شواہد وافر مقدار میں موجود ہیں، جن میں سے بہت سے لوگ بتاتے ہیں کہ کس طرح اس اسکیم نے انھیں مالی تباہی سے بچایا۔ اس لحاظ سے دیکھا جائے تو آیوشمان بھارت نے اپنا وعدہ پورا کر دکھایاہے۔

اس اسکیم کا دائرہ کار جامع ہے، جس میں 1900 سے زیادہ طبی علاجوں کا احاطہ کیا گیا ہے، جس میں دل کے بائی پاس اور جوڑوں کی تبدیلی جیسی پیچیدہ سرجریوں سے لے کر کینسر اور گردے کی بیماریوں جیسے امراض کے علاج تک شامل ہیں۔ یہ ایسے علاج ہیں جو پہلے بہت سے لوگوں کی پہنچ سے باہر لگتے تھے، لیکن اے بی -پی ایم جے اے وائی نے انھیں قابل رسائی، سستے اور سب کے لیے دستیاب بنا دیا ہے۔

نیٹ ورک کی توسیع، نظام میں استحکام:

اے بی-پی ایم جے اے وائی کی ایک خصوصیت صحت دیکھ بھال فراہم کرنے والوں کا ایک مضبوط نیٹ ورک بنانے کی صلاحیت ہے۔ آج پورے بھارت میں 29,000 سے زیادہ اسپتال، جن میں 13،000 سے زیادہ نجی اسپتال شامل ہیں، اس اسکیم کے تحت پینل میں شامل ہیں۔ یہ نیٹ ورک دیہی اور شہری علاقوں میں یکساں طور پر پھیلا ہوا ہے، جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ملک کے سب سے دور دراز علاقوں میں رہنے والے عوام بھی معیاری صحت کی خدمات تک رسائی حاصل کرسکیں۔ اس اسکیم کی منفرد پورٹیبلٹی خصوصیت نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ مستفیدین اس ریاست کے علاوہ ملک بھر کے اسپتالوں میں علاج حاصل کرسکیں جس سے وہ تعلق رکھتے ہیں۔

اس وسیع نیٹ ورک کو ایک مضبوط آئی ٹی انفراسٹرکچر کی مددحاصل ہے جو کلیم کی تصفیے میں شفافیت، کارکردگی اور رفتار کو یقینی بناتا ہے۔ آدھار پر مبنی بائیو میٹرک تصدیق اور پیپر لیس کلیم پروسیسنگ کے نفاذ نے دھوکہ دہی اور نااہلی کو کافی حد تک کم کر دیا ہے، جو اس طرح کے بڑے پیمانے پر عوامی بہبود کی اسکیموں میں اکثر چیلنج بن جاتے ہیں۔آیوشمان بھارت کی کام یابی نے صحت دیکھ بھال کے ایکو سسٹم کے دیگر حصوں میں بھی بہتری پیدا کی ہے۔ معیاری صحت دیکھ بھال پر اس اسکیم کے زور نے سرکاری اور نجی دونوں اسپتالوں کو اپنے بنیادی ڈھانچے اور خدمات کو اپ گریڈ کرنے پر مجبور کیا ہے۔ مزید برآں، اس نے صحت مند مسابقت کے ماحول کو فروغ دیا ہے، فراہم کنندگان کو مریضوں کی دیکھ بھال کو بڑھانے کی ترغیب دی ہے۔
مجموعی صحت دیکھ بھال پر توجہ:

آیوشمان بھارت صرف اسپتال کی دیکھ بھال کے بارے میں نہیں ہے۔ اے بی پی ایم جے اے وائی کے ساتھ ساتھ حکومت آیوشمان آروگیہ مندر (اے اے ایم) کی تشکیل کے ذریعے پرائمری ہیلتھ کیئر خدمات کو مضبوط بنانے کے لیے بھی کام کر رہی ہے۔ یہ صحت دیکھ بھال کے مراکز احتیاطی اور حوصلہ افزا صحت دیکھ بھال پر مرکوز ہیں، جس کا مقصد آبادی میں بیماری کے مجموعی بوجھ کو کم کرنا ہے۔ اب تک پورے بھارت میں 1.73 لاکھ سے زیادہ اے اے ایم قائم کیے گئے ہیں، جو عام بیماریوں اور دائمی حالات جیسے ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اور کینسر کے لیے مفت اسکریننگ، تشخیص اور دوائیں فراہم کرتے ہیں۔

یہ مراکز زیادہ جامع اور جامع صحت دیکھ بھال کے ماڈل کی طرف بڑھنے کی ہماری کوششوں کے مرکز میں ہیں۔ تندرستی اور ابتدائی تشخیص کو فروغ دے کر، ہم اسپتال میں داخل ہونے کی ضرورت کو کم کرنے اور طویل مدت میں صحت دیکھ بھال کو زیادہ پائیدار بنانے کی امید کرتے ہیں۔

چیلنجوں سے آگے:
اس وقت جب کہ ہم آیوشمان بھارت کی کام یابیوں کا جشن منا رہے ہیں، ہمیں آگے آنے والے چیلنجوں کو بھی تسلیم کرنا ہوگا۔ اس اسکیم کا پیمانہ بہت بڑا ہے، اور اس کے ساتھ اسے مسلسل ڈھالنے، بہتر بنانے اور اصلاح کرنے کی ذمہ داری آتی ہے۔ ہم اس اسکیم کی پہنچ کو بڑھانے، اسپتالوں کو بروقت ادائیگی کو یقینی بنانے اور ہر مستفید کو فراہم کی جانے والی دیکھ بھال کے معیار کو بڑھانے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔
آگے چل کر، ہم آیوشمان بھارت کا استحکام جاری رکھیں گے، اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ یہ مجموعی، سستی اور معیاری صحت دیکھ بھال کی طرف بھارت کے سفر میں سب سے آگے رہے۔ ہم اس اسکیم کے تحت شامل علاجوں کی فہرست کو وسعت دینے، پینل میں شامل اسپتالوں کی تعداد میں مزید اضافہ کرنے اور آیوشمان آروگیہ مندروں کی کام یابی کو جاری رکھنے کے لیے عہدبستہ ہیں۔

صحت مند بھارت کے لیے وژن:
مرکزی وزیر صحت کی حیثیت سے میرا پختہ یقین ہے کہ کسی بھی قوم کی صحت اس کی خوشحالی کی بنیاد ہوتی ہے۔ ایک صحت مند آبادی ہی ملک کی ترقی، پیداواری صلاحیت اور جدت طرازی میں حصہ ڈالنے کے لیے بہتر طور پر لیس ہوتی ہے۔آیوشمان بھارت صحت مند، مضبوط اور وکست بھارت کے اس وژن کا مرکز ہے۔

اس اسکیم کی کام یابی اب تک حکومت، صحت دیکھ بھال فراہم کرنے والوں اور عوام کے درمیان سخت محنت، لگن اور تعاون کی عکاسی کرتی ہے۔ ہم ہر شہری کی بہبود اور صحت کے وژن کے لیے عہدبستہ ہیں۔
آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کی اس چھٹی سالگرہ پر آئیے ہم ایک ایسا صحت دیکھ بھال کا نظام بنانے کے لیے اپنی لگن کا اعادہ کریں جو جامع، قابل رسائی اور ہمدردانہ ہو۔ ہم مل کر آنے والی نسلوں کے لیے ایک صحت مند بھارت کی تعمیر جاری رکھیں گے۔
جئے ہند!
جگت پرکاش نڈا، مرکزی وزیر ،صحت و خاندانی بہبود

*** Disclaimer: This Article is auto-aggregated by a Rss Api Program and has not been created or edited by Nandigram Times

(Note: This is an unedited and auto-generated story from Syndicated News Rss Api. News.nandigramtimes.com Staff may not have modified or edited the content body.

Please visit the Source Website that deserves the credit and responsibility for creating this content.)

Watch Live | Source Article